Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرمین ٹرین آج سے مکہ اور مدینہ کے درمیان دوبارہ چلے گی

گورنر مکہ افتتاحی سفر کے موقع پر جدہ ایئر پورٹ پر سٹیشن کا دورہ کریں۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں حرمین ٹرین بدھ 31 مارچ سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان دوبارہ چلے گی۔
گورنر مکہ شہزادہ خالد بن فیصل حرمین ٹرین کی بحالی کے آپریشن کی تقریب کی سرپرستی کریں گے۔
 عرب نیوز کے مطابق سعودی وزیر ٹرانسپورٹ صالح بن ناصر نے کہا ہے کہ حرمین ٹرین مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئر پورٹ سٹیشن کے درمیان چلے گی اور یہ کنگ عبداللہ اکنامک سٹی رابغ سے گزرے گی۔
اس سے قبل کہا گیا تھا کہ جدہ کے شاہ عبدالعزیز سٹیشن سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے لیے یومیہ 24 سے 30 ٹرینیں چلیں گی جبکہ رمضان میں ان کی تعداد میں اضافے کے بعد یومیہ 40 سے 45 کر دی جائے گی۔
حرمین ٹرین کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے سٹیشن اور ریل گاڑی میں مسافروں کے لیے مقررہ ضوابط کا مکمل طور پر خیال رکھا گیا ہے۔ 
ریل میں سماجی فاصلے کے اصول پر عمل کرتے ہوئے مسافروں کی تعداد کم کی گئی ہے۔ ایک ٹرین میں 417 مسافروں کی گنجائش ہے جبکہ کورونا ایس اوپیز کے تحت ایک گاڑی میں 200 مسافروں ہوں گے۔
مسافروں کی تعداد کم رکھنے کا بنیادی مقصد سماجی فاصلے کے اصول پرعمل کرنا ہے جبکہ سٹیشن اور ریل گاڑی کے اندر بھی سماجی فاصلے کو مقرر رکھنے کے لیے خصوصی سٹیکرز لگائے گئے ہیں۔

25 دسمبر 2018 کو  شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ٹرین کا افتتاح کیا تھا (فوٹو: ایس پی اے)

 سٹیشن پر مسافروں کی آمد ورفت کے لیے بھی داخل ہونے اور نکلنے کے راستوں کا تعین کیا گیا ہے جبکہ داخلی دروازوں پرلوگوں کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرنے کے لیے خصوصی تھرما میٹر کا بھی بندوبست کیا ہےعلاوہ ازیں ’توکلنا‘ ایپ کو دیکھنے کے لیے بھی اہلکاروں کو داخلی دروازوں پر متعین کیا جائے گا۔ 
واضح رہے 25 دسمبر 2018 کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حرمین ٹرین کا باقاعدہ افتتاح کیا تھا جبکہ جون 2017 میں ٹرین سروس کو تجرباتی طورپر شروع کیا گیا تھا۔ 
حرمین ٹرین جو کہ مکہ مکرمہ سے شروع ہوتی تھی، اس کے جدہ میں دو سٹیشن ہیں مرکزی سٹیشن سلیمانیہ کے علاقے میں تھا جس میں 29 ستمبر سال 2019 میں آگ لگ گئی تھی جس کی وجہ سے حرمین ریل سروس روک دی گئی۔
 

شیئر: