حرمین انتظامیہ کی جانب سے رمضان پروگرام کا اعلان اتوار کو ہوگا
ادارہ امور حرمین کی جانب سے رمضان المبارک کے حوالے سے پروگرام کا اعلان اتوار کو کیاجائے گا۔ رمضان پروگرام کے بارے میں ادارہ امور حرمین شریفین کے نگران اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق ادارہ امور حرمین شریفین کی جانب سے رمضان پروگرام کے بارے میں آن لائن پریس کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں ادارہ امورحرمین کے نگران اعلی ڈاکٹرعبدالرحمان السدیس اور قائمقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد عبداللہ القصبی خصوصی طورپر شرکت کریں گے۔
پریس کانفرنس میں رمضان المبارک کے دوران عمرہ زائرین کے لیے تیار کردہ منصوبہ اورتراویح کے علاوہ افطاری کے بارے میں بھی اہم معلومات فراہم کی جائیں گی۔
واضح رہے گزشتہ برس سال 2020 میں کورونا کی وبا کی شدت کے باعث رمضان المبارک میں حرمین شریفین عام افراد کےلیے بند تھا۔