سعودی عرب میں اولڈ مدینہ القصیم روڈ پر جمعے کی شب ٹریفک کے خوفناک حاد ثے میں سات افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے، حکام نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔
اخبار 24 کے مطابق مدینہ منورہ میں سعودی ہلال احمر کے سرکاری ترجمان خالد بن مساعد السھلی نے نے بتایا کہ جمعے کی رات دس بجکر پانچ منٹ پر حادثے کی اطلاع ملی تھی۔
اولڈ مدینہ القصیم روڈ پرالعاقول کے قریب تین گاڑیوں کے آپس میں ٹکرانے سے حادثہ پیش آیا ہے۔
فوری طور پر چھ ایمرجنسی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائی شروع کی۔ سات افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔
مرنے والوں میں دو بچے، دو خواتین اور تین مرد شامل ہیں جبکہ پانچ زخمیوں میں ایک بچے اور دو خواتین شدید زخمی ہیں۔ انہیں فوری طور پر قریبی ھسپتال منتقل کیا گیا ہے۔