Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر خارجہ کا دورہ اردن، سعودی عرب کی حمایت کا اعادہ

وزیر خارجہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا ایک پیغام لے کر پہنچے ہیں ( فوٹو: عرب نیوز)
 سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے منگل کو عمان میں اردن کے نائب وزیراعظم اور امور خارجہ کے وزیر ایمن الصفدی سے ملاقات کی ہے۔ 
اردن کی وزارت امور خارجہ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’شہزادہ فیصل بن فرحان ایک پیغام لے کر آئے ہیں جس میں اس موقف کا اعادہ کیا گیا ہے کہ سعودی عرب تمام تر چیلنجوں کا سامنا کرنے میں اردن کے ساتھ کھڑا ہے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’عملان پہنچنے پر نائب وزیرا عظم اور امور خارجہ کے وزیر ایمن الصفدی نے سعودی وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا جو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا ایک پیغام لے کر پہنچے ہیں، جس میں سعودی عرب کی طرف سے اردن کے شاہ عبداللہ ثانی کی طرف سے اردن اور اس کے مفادات کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی حمایت کا اظہار کیا گیا ہے۔
اردن کی وزارت امور خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ’ دونوں وزرا نے دونوں ملکوں کے تعلقات اور دو ہمسایہ ریاستوں کے مابین تعاون پر تبادلہ خیال کیا ہے۔‘
دونوں وزرا نے اس بات پر زور دیا کہ’ دونوں ملکوں کی سکیورٹی اور استحکام مشترکہ ہے اور دونوں ملک تمام چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ساتھ کھڑے ہیں۔‘
اس موقع پر سعودی عرب اور اردن کے گہرے تعلقات جبکہ خطے کے حالات اور ان سے نمٹنے کے طور طریقوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ 
اردن کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے بتایا کہ ’شاہ عبداللہ الثانی نے بھی شاہ سلمان کے لیے خیر سگالی کا پیغام دیا ہے اور اردن کی ہمیشہ مدد کرتے رہنے پر شاہ سلمان اور سعودی عرب کے لیے ممنونیت کا اظہار کیا-‘ 
 

شیئر: