Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پالپا اور پی آئی اے کا تنازع: پائلٹ کو جہاز اُڑانے سے روک دیا

قومی ایئرلائن کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے اردو نیوز کو بتایا کہ پالپا کے صدر پی آئی پر الزام تراشی، اور بیان بازی کر کے ملازمین کو احتجاج پر اکسانے کے مرتکب ہوئے ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن نے پائلٹس ایسوسی ایشن (پالپا) کے صدر چوہدری سلمان کو نظم و ضبط کی مبینہ خلاف ورزی پر اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کرتے ہوئے جہاز اڑانے سے روک دیا ہے۔
پالپا کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے پائلٹس کے میڈیکل اور دیگر الاؤنس کے حصول کے لیے آواز اٹھانے پر پالپا کے تمام سینیئر عہدیداران کو گراؤنڈ کردیا ہے۔
قومی ایئرلائن کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے اردو نیوز کو بتایا کہ پالپا کے صدر پی آئی پر الزام تراشی، اور بیان بازی کر کے ملازمین کو احتجاج پر اکسانے کے مرتکب ہوئے ہیں جو کہ پی آئی اے رولز کی مبینہ خلاف ورزی ہے جس کے بعد ضابطے کی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے پالپا صدر چوہدری سلمان کو ہوابازی سے روکتے ہوئے انہیں اظہارِ وجوہ نوٹس جاری کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ قانونی کارروائی نہیں بلکہ جواب طلبی ہے۔
واضح رہے کہ پالپا صدر کیپٹن سلمان نے ممبران کے نام ایک خط لکھا تھا جس میں پی آئی اے کی جانب سے کی گئی زیادتیوں کا تذکرہ تھا۔ اس خط میں تمام ممبران کو درپیش مشکلات سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا ساتھ یہ بھی بتایا کہ قومی ایئرلائن کی جانب سے میڈیکل الاؤنس کی ادائیگی نہیں کی جا رہی۔
اس معاملے پر اردو نیوز نے پالپا کے جنرل سیکرٹری عمران ناریجو سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے نے پائلٹس کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کی پاداش میں ایک ایک کر کے پالپا کے تمام سینیئر عہدیداران کو معطل کردیا ہے۔ ناریجو کا کہنا تھا کہ وہ خود 108 دن سے معطل ہیں، اس سے پہلے پالپا کے نائب صدر اور ایڈیشنل سیکرٹری بھی معطلی کاٹ رہے ہیں۔

پالپا کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے پائلٹس کے میڈیکل اور دیگر الاؤنس کے حصول کے لیے آواز اٹھانے پر پالپا کے تمام سینیئر عہدیداران کو گراؤنڈ کردیا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

تفصیلات بتاتے ہوئے کیپٹن ناریجو نے کہا کہ پالپا قومی ایئرلائن کے پائلٹس کی نمائندہ تنظیم ہے جو پائلٹس کی فلاح اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سات سال سے پائلٹس کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا گیا، الٹا کورونا کو بنیاد بنا کر تنخواہوں میں 45 فیصد تک کٹوتی کی گئی۔
پالپا سیکرٹری جنرل کا مزید کہنا تھا کہ کافی عرصے سے پی آئی اے نے پائلٹس کو میڈیکل اور دیگر الاؤنس کی ادائیگی بھی نہیں کی۔ 'جب ان تمام معاملات پر آواز اٹھائی جاتی ہے تو پی آئی اے پالپا عہدیداران کا خلاف انتقامی کارروائی کرتی ہے۔ ہم نے کوئی کرپشن نہیں کی، کوئی غبن نہیں کیا، ایسا کوئی جرم تو کیا الزام تک نہیں ہم پر، بس ہمارا جرم یہ ہے کہ کبھی اخبار یا ٹی وی پر اپنے ساتھ ہوئی زیادتی بیان کردی یا کبھی خود آپس میں اس حوالے سے کوئی لیٹر جاری کیا۔'
اپنی معطلی پر بات کرتے ہوئے کیپٹن ناریجو نے بتایا کہ جب کورونا وباء کے دوران پی آئی اے کے پائلٹس فرنٹ لائن پر کام کرتے ہوئے خصوصی پروازوں کے ذریعے بیرون ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لا رہے تھے تو تب پائلٹس کو حفاظتی کٹس تک نہیں دی گئی تھیں۔
'جب میں نے اس حوالے سے بات کی، لیٹر لکھا تو مجھے نوکری سے نکال دیا۔ مجھے اپنی نوکری بچانے کے لیے عدالت سے رجوع کرنا پڑا، عدالت نے میرے حق میں فیصلہ کرتے ہوئے نوکری بحال کی۔ اس کے بعد پھر اپنے پائلٹس کے حقوق مانگنے پر مجھے معطل کردیا۔'

پالپا قومی ایئرلائن کے پائلٹس کی نمائندہ تنظیم ہے جو پائلٹس کی فلاح اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کر رہی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

کیپٹن ناریجو نے کہا کہ رولز کے مطابق اگر کسی کے خلاف نظم و ضبط کی کارروائی عمل میں لائی جاتی بھی ہے تو بھی اسے 90 دن میں مکمل کر کے فیصلہ دینا ہوتا ہے۔
'تاہم چار مہینے ہونے کو آئے ہیں مجھے گراؤنڈ کر کے تنخواہ روکی ہوئی ہے۔' ایک ایک کر کے تمام عہدیداران کو گراؤنڈ کردیا گیا ہے، جس میں آخری ایکشن پالپا صدر کیپٹن سلمان کے خلاف کیا گیا ہے۔
پالپا جنرل سیکرٹری نے کہا کہ اس سب کے خلاف بدھ کو پالپا کے اعلیٰ عہدیداران کا اجلاس بلایا گیا ہے، جس میں آئیندہ کا ردِعمل مرتب کیا جائے گا۔
'زیادتی کی انتہا ہو چکی ہے اور اب سخت ردعمل دینے کا وقت ہے۔'

شیئر: