Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

العلا میں 5 ہزار سے زیادہ ہوٹل کے کمرے 2035 تک مکمل ہوں گے

2023 کے آخر تک ایک ہزار یونٹ تک تیار ہو جائیں گے۔(فوٹو ٹوئٹر)
العلا رائل کمیشن کے چیف ایگزیکٹو  آفیسر (سی ای او) نے کہا ہے کہ  امید ہے کہ 2035 تک العلا کے 5 ہزار سے زیادہ ہوٹل کے کمرے مکمل ہو جائیں گے۔
امر الممدانی نے کہا کہ ان میں سے 200 فی الحال زیر تعمیر ہیں اور 2023 کے آخر تک ایک ہزار یونٹ تک تیار ہو جائیں گے۔
الشرق الاوسط کے مطابق العلا رائل کمیشن کے سی ای او نے کہا کہ ’وقت کے ساتھ سفر‘ منصوبے کا مقصد دنیا بھر سے سیاحوں کو اس سائٹ کی جانب راغب کرنا ہے جو مملکت کی بین الاقوامی سیاحت کا سنگ بنیاد رکھے گی۔
مملکت کے شمال مغرب میں واقع قیمتی قدرتی مقام کی حفاظت کے لیے اب کوششیں جاری ہیں۔
امر الممدانی نے کہا کہ ’ العلا میں نو مربع کلومیٹر طویل نخلستانوں میں سے 60 فیصد کم ہوچکے ہیں اور ہم اسے سعودی گرین انیشی ایٹو کے تصورات کی بنیاد پر اس کی بحالی کے تمام طریقے تلاش کریں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ خطے کے اندر نقل و حمل پائیدار ہو گی اور اس میں خصوصی ٹرین اور ٹرام پروجیکٹ شامل ہو گا۔
واضح رہے کہ العلا رائل کمیشن کے چیئرمین اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے العلا ڈیویلپمنٹ پروگرام کے ڈیزائن کا تصور جاری کر دیا ہے۔
اسے ’رحلہ عبر الزمن‘ (وقت کے ساتھ سفر) کا نام دیا گیا ہے۔ اس کا مقصد العلا کے بڑے تاریخی علاقے کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ اس کی بدولت یہ علاقہ جو مملکت کے شمال مغرب میں واقع ہے منفرد قدرتی اور ثقافتی ماحول پیش کرے گا۔

اس میں خصوصی ٹرین اور ٹرام پروجیکٹ شامل ہو گا۔(فوٹو ٹوئٹر)

آئندہ 15 سالوں میں العلا وادی جس میں کئی تاریخی مقامات شامل ہیں، ایک ایسے میوزیم میں تبدیل ہو جائے گی جہاں آنے والے سیاح دو لاکھ سال کی انسانی اور قدرتی تاریخ کا جائزہ لیں سکیں گے۔
امید کی جا رہی ہے کہ اس منصوبے کے مکمل ہونے کے بعد یہاں ہر سال 20 لاکھ سیاح آئیں گے اور 2035 تک اس سے مقامی سطح پر 38 ہزار نئی نوکریوں کے مواقع پیدا یوں گے۔
یہ پراجیکٹ آرٹ، تاریخی ورثے، ثقافت اور قدرتی ماحول کے حوالے سے دنیا بھر کے لوگوں کا مرکز بن جائے گا۔ یہ پراجیکٹ انسانی تاریخ کے سات ہزار برس سے زیادہ کے دورانیے پر مشتمل العلا کے نخلستانوں میں جنم لینے والے تمدنوں کا منفرد تاریخی نقشہ ہو گا۔

شیئر: