Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد نے العلا ڈیویلپمنٹ پروگرام کے ڈیزائن کا تصور جاری کر دیا

سعودی ولی عہد اور العلا رائل کمیشن کے چیئرمین  شہزادہ محمد بن سلمان نے العلا ڈیویلپمنٹ پروگرام کے ڈیزائن کا تصور جاری کیا ہے۔
اسے ’رحلہ عبر الزمن‘ (وقت کے ساتھ سفر) کا نام دیا گیا ہے- اس کا مقصد العلا کے بڑے تاریخی علاقے کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ اس کی بدولت یہ علاقہ جو مملکت کے شمال مغرب میں واقع ہے منفرد قدرتی اور ثقافتی ماحول پیش کرے گا۔ 
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے اور العربیہ نیٹ کے مطابق یہ پروجیکٹ آرٹ، تاریخی ورثے، ثقافت اور قدرتی ماحول کے حوالے سے دنیا بھر کے لوگوں کا مرکز بن جائے گا۔

 سعودی عرب کی مجموعی قومی پیداوار میں 120 ارب ریال کی آمدنی ہوگی۔(فوٹو ایس پی اے)

 شہزادہ محمد بن سلمان رحلہ عبر الزمن پروجیکٹ میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں جبکہ العلا رائل کمیشن کے چیئرمین شہزادہ بدر بن فرحان  یہ پروجیکٹ نافذ کرائیں گے، اسے یہ تین بڑے مرحلوں میں نافذ کیا جائے گا۔ پروگرام کے مطابق پہلا مرحلہ 2023 کے آخر میں مکمل ہوگا۔  
رحلہ عبر الزمن پروجیکٹ العلا رائل کمیشن کے جامع ترقیاتی پروگرام کا حصہ ہے۔ 2035 میں یہ پروجیکٹ مکمل ہوگا۔ اس کی بدولت 38 ہزار اسامیاں پیدا ہوں گی۔ اس سے سعودی عرب کی مجموعی قومی پیداوار میں 120 ارب ریال کی آمدنی ہوگی۔
یہ پروجیکٹ انسانی تاریخ کے سات ہزار برس سے زیادہ کے دورانیے پر مشتمل العلا کے نخلستانوں میں جنم لینے والے تمدنوں کا منفرد ہسٹوریکل میپ ہوگا۔ 
تاریخ کا سفر نامی پروجیکٹ العلا کے قدرتی ماحول اور اس کے تاریخی ورثے سے اخذ کیا گیا ہے۔ اس کے تحت 20 کلو میٹر کے دائرے میں پانچ سینٹر قائم کیے جائیں گے۔

العلا میں دس ملین مربع میٹر رقبے پر سبزہ زار قائم کیے جائیں گے(فوٹو ایس پی اے)

ان کی شروعات شہر کے قدیم علاقے سے جنوب کی جانب ہوگی۔ دادان نخلستان، جبل عکمۃ، نبطی نخلستان سے لے کر شمال میں تاریخی شہر الحجر تک یہ مراکز قائم کیے جائیں گے۔ یہ مراکز اپنے آپ  میں قابل دید ثقافتی مرکز ہوں گے۔ 
ان مراکز کے تحت پندرہ نئے ثقافتی ادارے قائم ہوں گے- مثلا عجائب گھر، نمائش گاہیں اور سیاحوں کے لیے پرکشش مقامات بنائے جائیں گے۔ علاوہ ازیں 5 ہزار سے زیادہ کمروں پر مشتمل رہائش گاہیں ہوں گی- ہر مرکز اپنے انداز کے ضیافت خانوں پر مشتمل ہوگا- 
تاریخ کا سفر پروجیکٹ کے منصوبے کے تحت ’معھد الممالک‘ قائم کیا جائے گا۔ یہ  سات ہزار برس سے زیادہ عرصے کے دوران جزیرہ نمائے عرب کے شمال مغرب میں آباد تمدنوں کے مطالعات کا بین الاقوامی مرکز ہوگا۔ 

اس پروجیکٹ کے تحت العلا ٹورسٹ ٹرین بھی چلائی جائے گی(فوٹو ایس پی اے)

اس پروجیکٹ کے تحت العلا ٹورسٹ ٹرین بھی چلائی جائے گی جو العلا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو پانچوں مراکز سے جوڑے گی۔ 
تاریخ کا سفر پروجیکٹ کے تحت العلا میں دس ملین مربع میٹر رقبے پر سبزہ زار قائم کیے جائیں گے جن کی بدولت یہاں کا قدرتی ماحول بہتر ہوگا۔ کاربن کا اخراج  ساٹھ فیصد تک کم ہوگا یہاں دس ملین درخت لگائے جائیں گے۔ آنے والے سالوں کے دوران یہاں کے سبزہ زاروں کا رقبہ بارہ گنا بڑھ جائے گا۔ 
العلا رائل کمیشن 2035 تک یہاں 9 ہزار سے زیادہ ہوٹل کمرے بھی تیار کرے گی۔ 

شیئر: