آئندہ ہفتے رمضان میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان
بارش سے درجہ حرارت میں کمی ہو گی( فوٹو عاجل)
سعودی محکمہ موسمیات کے قومی مرکزنے کہا ہے کہ اتوار کو مملکت کے مختلف علاقوں میں موسم ابرآلود رہنے جبکہ کہیں بارش کا بھی امکان ہے۔
ویب نیوز اخبار 24 نے موسمیات کے قومی مرکز کے حوالے سے بتایا کہ مملکت کے مشرقی ریجن ، ریاض اور نجران میں گرد وآلود تیز ہوائیں چلنے کی بھی توقع ہے جبکہ کہیں کہیں بارش کا بھی امکان ہے۔
جازان ، عسیر اور الباحہ کے پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جس سے درجہ حرارت میں کمی ہو گی جبکہ مملکت کے شمالی و مغربی سمت سے آنے والی ہوائیں وسطی علاقے تک پہنچیں گی۔
بحیرہ احمر میں ہوا کی رفتار 25 سے 48 کلو میٹر فی گھنٹہ ہو گی ۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت الاحسا میں 39 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ طریف میں 6 ڈگری رہے گا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے حوالے سے ویب نیوز عاجل کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے سے مملکت کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے جس کے سبب ماہ رمضان میں موسم خوشگوار ہو سکتا ہے۔
محکمے کا کہنا ہے کہ جازان، عسیر ، نجران ، الباحہ ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاوہ قصیم، حائل، ریاض اور مشرقی ریجن کے بعض علاقوں میں کہیں ہلکی جبکہ کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی۔