2020 میں دبئی کی تیل کے علاوہ تجارت 321.8 ارب ڈالر تک جا پہنچی
اتوار 11 اپریل 2021 15:37
تجارت کا کل حجم 2020 میں کم ہو کر 10 کروڑ ٹن ہوا جو کہ 2019 میں 10.9 کروڑ ٹن تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
سال 2020 میں دبئی کی تیل کے علاوہ غیر ملکی تجارت 321.8 ارب ڈالر (1.185 ٹرلین درہم) تک پہنچ گئی ہے۔ تاہم کورونا وائرس کی وبا کے تجارت پر منفی اثرات کے باعث یہ رقم گذشتہ سال سے 13.5 فیصد کم تھی۔
عرب نیوز کے مطابق تجارت کا کل حجم 2020 میں کم ہو کر 10 کروڑ ٹن ہوا جو کہ 2019 میں 10.9 کروڑ ٹن تھا۔
تاہم دبئی میڈیا آفس کے مطابق 2020 کے دوسرے نصف حصے میں ترسیلات میں چھ فیصد کا اضافہ ہوا۔
اس کے علاوہ آٹھ فیصد اضافے کے ساتھ برآمدات 45.47 ارب ڈالر تک پہنچیں، جبکہ درآمدات 186.8 ارب ڈالر پر اور دوبارہ ہونے والی برآمدات سے 89.58 ارب ڈالر حاصل ہوئے۔
دبئی کے ولی عہد اور دبئی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 'دبئی کے بیرونی تجارتی شعبے کی غیر معمولی نمو کی کارکردگی امارات کی دوبارہ ابھرنے کی صلاحیت اور بین الاقوامی بحران کے دوران بہتری کی طرف آنے کی صلاحیت رکھنے کی عکاسی کرتی ہے۔'
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'ہم اپنی ترقی کی رفتار کو تیزی سے تجدید کرنے میں کامیاب ہوئے اور مختلف شعبوں میں اپنی عالمی پوزیشن کو دوبارہ قائم کیا۔'
انہوں نے یہ بھی کہا کہ دبئی نے کووڈ-19 کی وبا کے معاشی اور صحت پر اثرات سے نمٹ کر دنیا بھر میں مثال قائم کی ہے۔
دبئی پورٹس ورلڈ کے چیئرمین اور سی ای او سلطان احمد بن سلیمان کا کہنا تھا کہ سرحدوں کے کھلنے کے ساتھ دبئی کی تجارت کا حجم بہتر ہونا شروع ہوا اور 2020 کے دوسرے نصف حصے میں بڑھ گیا۔