Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ایئرلائنز کی کوالالمپور۔ جدہ روٹ پر’ ہیلتھ اینڈ ٹریول پاس‘ کی آزمائش

آزمائشی مدت کے دوران روایتی دستاویزات بھی ساتھ رکھنا ضروری ہے۔(فوٹو عرب نیوز)
سعودیہ ایئر لائنز نے گذشتہ روز پیر کو اعلان کیا ہے کہ وہ  انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن ’ایاٹا‘ کے تیار کردہ  ڈیجیٹل ٹریول اینڈ ہیلتھ پاس کی آزمائش کرے گی۔
عرب نیوز کے مطابق ہیلتھ پاس کی آزمائش 19 اپریل سے کوالالمپور تا جدہ روٹ پر شروع ہوگی۔
ڈیجیٹل ٹریول پاس ایک موبائل ایپ ہے جو مسافروں کو آسان  اور محفوظ طریقے سے سفری معلومات اور دستاویزات کا اہتمام کرنے میں مدد کرتی ہے اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے کسی بھی سرکاری احتیاطی تقاضوں کو پوراکرتی ہے۔

ڈیجیٹل پاس کی آزمائش کا سلسلہ 17 مئی تک جاری رہے گا۔ (فوٹو بی بی سی)

یہ ایپ پرواز کی تفصیلات اورپاسپورٹ ڈیٹاسمیت ذاتی معلومات کے علاوہ  کوروناٹیسٹ کے تصدیق شدہ نتائج اور ویکسی نیشن کا ثبوت بھی محفوظ  رکھ سکتی ہے۔
اس میں ٹیسٹنگ لیبارٹری یا ایئر لائنز کے ساتھ مطلوبہ معلومات کو محفوظ طریقے سے شیئر کرنے کا آپشن شامل ہے۔
ایاٹا کے مطابق صارفین کو اپنے ڈیٹا کی سیکیورٹی کے بارے میں فکر کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ خفیہ ہے اور فون پر یہ خفیہ شکل میں ہی محفوظ کیا جاتا ہے۔
اگرایپ کو ڈیلیٹ کردیا جائے تو  صارف کا  وہ سب ڈیٹا ہے جو اس میں محفوظ ہے، وہ بھی ڈیلیٹ ہوجائے گا۔

امید ہے  بین الاقوامی پروازوں کے لیےایپ کی منظوری دے دی جائے گی۔(فوٹو ٹوئٹر)

اس ایپ کا مقصد مسافروں کے لئے محفوظ اورمنظم سفری تجربے کو یقینی بنانے میں مدد  دینا ہے۔ یہ بین الاقوامی سفر پر محفوظ واپسی کوبھی یقینی بنانے کی اُن کوششوں کا حصہ ہے جو شہری ہوابازی کے شعبے کی عالمی وبا کے اثرات سے بحالی میں مدد فراہم کرنے کے لئے کی جا رہی ہیں۔
جانچ اور آزمائش کے اس عمل کے دوران ’ایاٹا‘ اس ایپ کو ایئر لائن نیٹ ورک کے لئے تیارکرنے کا کام کرے گی۔
ریاض سے تعلق رکھنے والے عبداللہ المحسن نے اس بارے میں کہا ہے کہ یہ بڑی خوشخبری ہے۔ مجھے توقع ہے کہ اس ایپ کی باقاعدہ منظوری دے دی جائے گی اور تمام بین الاقوامی پروازوں پر اس کا اطلاق ہو گا۔
اس کی مدد سے میرے لئے یہ ثبوت فراہم کرنا ممکن ہو جائے گا کہ میں نے کووڈ19 ویکسین لگوا رکھی ہے۔ یوں مجھے اپنااستثنیٰ ثابت کرنے میں آسانی ہوگی۔

یہ ایپ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے احتیاطی تقاضوں کو پوراکرتی ہے۔(فوٹو سعودی گزٹ)

یہ اقدام لوگوں کو ویکسین لگوانے کی دعوت دیتا ہے اور اس امر کو بھی یقینی بناتا ہے کہ صحت کی ضروریات کی تکمیل کر لی گئی ہے ۔
ریاض سے ہی تعلق رکھنے والے ایک شہری ترکی خلف نے کہا ہے کہ کوئی بھی ایسی چیز جو زندگی کو آسان بنائے اور اخراجات کو کم کرے ، اچھی ہوتی ہے۔ امید ہے کہ اگلا اقدام جو ہمارا ٹریول پاس ہے، وہ  اہمیت اختیار کر جائے گا۔
ڈیجیٹل پاس کی آزمائش کا سلسلہ 17 مئی تک جاری رہے گا۔ ایپ استعمال کرنے والے مسافروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی تاہم اسے ضرورت قرار نہیں دیا گیا۔

آئندہ سفر کے لیے ہیلتھ اینڈ ٹریول پاس اہمیت اختیار کر جائے گا۔ (فوٹو سوشل میڈیا)

آزمائشی مدت کے دوران مسافروں کے لئے سفر کے دوران ایسی روایتی دستاویزات، مطبوعہ یا ڈیجیٹل شکل میں ساتھ رکھنا ضروری ہے جس میں کسی مجاز کلینک کے ذریعہ پی سی آر ٹیسٹ کا نتیجہ موجود ہو کیونکہ امیگریشن اور صحت کے حکام اس کا تقاضا کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ٹریول پاس سعودی عرب کے لئے موجودہ سفری یا  داخلے کی ضروریات کی جگہ نہیں لیتا جو اگر قابل اطلاق ہو تو کارآمد پاسپورٹ اور ویزا رکھنے پر مشتمل ہے۔
مزید معلومات کے لئے  www.saudia.com/travel-pass  پر وزٹ کیاجا سکتا ہے۔
 

شیئر: