جمعے سے پیر تک کئی علاقوں میں بارش
جمعے کو8 علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ جمعے کو سعودی عرب کے 8 علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ بارش سے قبل گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق نجران، عسیر، باحہ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کےعلاوہ حائل، قصیم اور ریاض کے کئی علاقوں میں بھی بارش اور ژالہ باری سے قبل گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔
الجوف اور تبوک ریجنوں میں متعدد مقامات پر تیز ہواؤں کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ بحیرہ احمر میں ہواؤں کا رخ شمال مغرب سے شمال کی جانب ہوگا۔ ہواؤں کی رفتار 15 گتا 40 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی ۔سمندرمیں لہریں دو میٹر تک اونچی اٹھیں گی۔ خلیج عرب میں ہواؤں کا رخ شمال مغرب سے شمال کی جانب ہوگا۔ ہواؤں کی رفتار فی گھنٹہ 15 تا 40 کلو میٹر تک ہوگی۔
موسمیات کے قومی مرکز نے یہ امکان بھی ظاہر کیا ہے کہ جمعہ اور سنیچر کو 6 علاقوں میں بارش کا موسم رہے گا۔ مدینہ، حائل، ریاض، حدود شمالیہ، الجوف اور تبوک میں بارش کا سماں بنا رہے گا۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ جمعے سے جو بارش شروع ہوگی اس کا سلسلہ پیر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ چار روز تک کئی علاقے اس کی لپیٹ میں ہوں گے۔ عیسر، باحہ، جازان، نجران اور مکہ مکرمہ میں چار دن تک بارش ہوتی رہے گی۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں