Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ فلپ کی ’پہلی گاڑی‘ سری لنکا کے میوزیم میں

سنجیو گارڈینر کے والد نے یہ گاڑی 1950 میں خریدی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
تقریباً 90 سالہ پرانی گاڑی جو کبھی برطانیہ کے شہزادہ فلپ کی تھی، اب سری لنکا کے سمندر کے کنارے پر واقع میوزیم میں توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ڈیوک آف ایڈنبرا جن کی آخری رسومات سنیچر کو ادا کی جائیں گی، گاڑیوں کے رسیا تھے۔
1940 میں جب وہ کولمبو میں برطانوی نیوی کے ساتھ تعینات تھے تو انہوں نے 1935 ماڈل کی سٹینڈرڈ نائین 12 پاؤنڈز میں خریدی تھی۔
کولمبو میں اپنے گالے فیس ہوٹل میں یہ گاڑی رکھنے والے سنجیو گارڈینر نے شہزادہ فلپ کے حوالے سے بتایا کہ’جب وہ 1950 کے اوائل میں واپس آئے تو انہوں نے آ کر گاڑی دیکھی۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’جب انہوں نے گاڑی دیکھی تو کہا کہ امید ہے کہ بریکیں کام کر رہی ہوں گی۔ یہ تب کام نہیں کرتی تھیں۔‘
سنجیو گارڈینر کے مطابق شہزادے نے یہ تسلیم کیا کہ سٹینڈرڈ پہلی گاڑی تھی جو انہوں نے خریدی۔ وہ سٹینڈرڈ موٹر کار کلب کے پیٹرن بھی بن گئے تھے۔
سنجیو گارڈینر کا ہوٹل، جو برطانیہ کی سابق کالونی کے سب سے پرانے ہوٹلوں میں سے ایک ہے، نے اس سلور اور کالی سیڈان کے گرد میوزیم بنایا ہوا ہے۔ جس کا مقصد مہمانوں اور سیاحوں کی تفریح کے لیے اسے محفوظ بنانا ہے۔
میوزیم کے ریکارڈ کے مطابق شہزادہ فلپ نے پہلی بار یہ گاڑی کولمبو سے260  کلومیٹر دور ٹرنکومالی نیول بیس تک چلائی تھی۔
سنجیو گارڈینر کے مطابق یہ گاڑی 93 ہزار کلومیٹر سے زائد چلی ہے۔ اسے کئی بار ٹھیک کیا گیا ہے اور یہ ابھی بھی چل سکتی ہے لیکن انشورنس کی مالیت کی وجہ سے اس کی ممانعت ہے۔
یہ گاڑی سنجیو گارڈینر کے والد نے 1950 میں خریدی تھی۔
شہزادپ فلپ جو گذشتہ ہفتے 99 سال کی عمر میں وفات پا گئے تھے ، گاڑیوں سے اپنی محبت کے حوالے سے مشہور تھے اور اکثر اپنی گاڑی خود چلایا کرتے تھے۔

شیئر: