Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ فلپ کی آخری رسومات: ’خاندان کا کوئی فرد فوجی یونیفارم نہیں پہنے گا‘

شاہی روایت کے مطابق خاندان کے افراد اہم موقع پر فوجی یونیفارم پہنتے ہیں۔ فوٹو اے ایف پئ
ملکہ برطانیہ نے اپنے شوہر شہزادہ فلپ کی آخری رسومات میں شریک ہونے والے خاندان کی اعلیٰ شخصیات کو فوجی وردی پہننے سے منع کیا ہے۔ 
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ملکہ کے بیٹے شہزادہ اینڈریو اور پوتے شہزادہ ہیری کو کسی بھی قسم کی شرمناک صورتحال سے بچانے کے لیے ملکہ کی جانب سے یہ احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
99 سال کی عمر میں وفات پانے والے شہزادہ فلپ کی آخری رسومات سنیچر کو ونڈسر محل میں ادا کی جائیں گی۔
بکنگھم پیلس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہزادہ فلپ کی آخری رسومات میں شامل ہونے والے شاہی خاندان کے اراکین فوجی یونیفارم کے بجائے رسمی لباس میں ملبوس ہوں گے۔
شاہی خاندان کی روایات کے مطابق ایسے موقع پر خاندان کے اراکین ملٹری یونیفارم زیب تن کرتے ہیں تاکہ انہیں ملنے والے اعزازی عہدے بھی نمایاں ہوں۔
تاہم شہزادہ ہیری کے شاہی ذمہ داریوں سے دستبردار ہونے کے بعد ان کے اعزازی فوجی عہدے بھی واپس لے لیے گئے تھے، جس کے بعد وہ اپنا فوجی یونیفارم پہننے کے اہل نہیں رہے۔
علاوہ ازیں ملکہ برطانیہ اور شہزادہ فلپ کے 61 سالہ بیٹے شہزادہ اینڈریو سے بھی ایڈمیرل کا اعزازی عہدہ واپس لے لیا گیا تھا جس کے بعد وہ اپنا فوجی یونیفارم نہیں پہن سکتے۔
جبکہ برطانوی اخبار کے مطابق شہزادہ اینڈریو نے اپنے والد کی آخری رسومات کی تقریب کے موقع پر اپنا فوجی یونیفارم پہننے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
بکنگھم پیلس کے ترجمان کے مطابق تقریب کی تمام تیاریاں ملکہ کے احکامات کے تحت کی گئی ہیں۔
شہزادہ فلپ کی آخری رسومات میں ملکہ سمیت خاندان کے 30 افراد شرکت کریں گے۔
آخری رسومات کے دن شہزادہ فلپ کا جسد خاکی خصوصی طور پر تیار کردہ لینڈ روور کے ذریعے سینٹ جارج چیپل لے جایا جائے گا۔ 
بیٹے شہزادہ چارلس سمیت شاہی خاندان کے اراکین شہزادہ فلپ کے جنازے کے پیچھے چلیں گے جبکہ ملکہ برطانیہ الگ سے چیپل جائیں گی۔
پچاس منٹ تک جاری رہنے والی تقریب کے دوران ملک بھر میں ایک منٹ کے لیے خاموشی اختیار کی جائے گی۔

شیئر: