سیرین ایئر کی سعودی عرب سے پاکستان کے لیے عید پر خصوصی پروازیں
منگل 20 اپریل 2021 9:36
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
سیرین ائیر کے چیف ایگزیکٹو صفدر ملک نے بتایا کہ ’عید الفطر سے قبل 5 پروازیں چلائی جائیں گی‘ (فائل فوٹو: سیرین ایئر)
پاکستان کی نجی فضائی کمپنی سیرین ایئر نے سعودی عرب سے پاکستان کے لیے فضائی آپریشن شروع کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا یے۔
سیرین ایئر سعودی عرب سے پاکستان کے لیے عید الفطر کے موقع پر خصوصی پروازیں شروع کرنے جا رہی ہے۔
سیرین ائیر کے چیف ایگزیکٹو صفدر ملک نے اردو نیوز کو بتایا ہے کہ ’سعودی عرب سے پاکستان کے لیے عید الفطر سے قبل 5 پروازیں چلائی جائیں گی جس کے لیے بکنگ کا آغاز کردیا گیا ہے۔‘
ایئر لائن انتظامیہ نے بتایا کہ 'جدہ اور ریاض سے اسلام آباد کے لیے عید کی پانچ خصوصی پروازیں چلائی جائیں گی جن کا آغاز 7 مئی سے کیا جا رہا ہے۔'
سیرین ایئر کی ریاض سے اسلام آباد کے لیے سات، نو اور 12 مئی کو تین پروازیں شیڈول کی گئی ہیں جبکہ جدہ سے دو پروازیں چلائی جائیں گی۔
صفدر ملک نے کہا کہ سعودی عرب کے لیے سفری پابندیاں ختم ہونے کے بعد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیرین ایئر معمول کی پروازوں کا بھی آغاز کرنے جا رہی ہے جس کے شیڈول کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔
'گزشتہ ایک برس سے سیرین ایئر سعودی عرب میں کام کر رہی ہے تاہم پروازوں کی بندشوں کے باعث باضابطہ طور پر فضائی آپریشن شروع نہیں کیا جاسکا۔'
خیال رہے کہ سیرین ایئر نے حال ہی میں پاکستان سے شارجہ کے لیے پروازوں سے اپنے بین الاقوامی فضائی آپریشن کا آغاز کیا ہے، اس سے قبل فضائی کمپنی پاکستان میں اندرون ملک فضائی آپریشن تک محدود تھی۔
سیرین ایئر شارجہ کے علاوہ دبئی اور اب سعودی عرب کے لیے پروازیں چلانے کا اعلان کر چکی ہے۔