Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیرین ایئر کا لاہور سے دبئی کے لیے پروازیں شروع کرنے کا اعلان 

لاہور سے دبئی کے لیے پروازوں کا آغاز 6 مئی سے ہوگا۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کی نجی فضائی کمپنی سیرین ایئر نے لاہور سے دبئی کے لیے فضائی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
حال ہی میں اسلام آباد اور شارجہ سے بین الاقوامی فضائی آپریشن کا آغاز کرنے والی نجی کمپنی سیرین ایئر نے لاہور سے دبئی کے لیے ہفتہ وار تین پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔ 
سیرین ایئر حکام کے مطابق لاہور سے دبئی کے لیے پروازوں کا آغاز 6 مئی سے ہوگا جس کے لیے ٹکٹوں کی بکنگ جاری ہے۔ 
حکام کے مطابق ابتدائی طور پر ان پروازوں کا یکطرفہ کرایہ 18 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ 
خیال رہے کہ سیرین ایئر نے اسلام آباد سے شارجہ کے لیے ہفتہ وار تین پروازیں چلا کر بین الاقوامی فضائی آپریشن کا آغاز کیا تھا۔ 
اس سے قبل سیرین ایئر کو پاکستان میں اندرون ملک پروازوں کی اجازت دی گئی تھی تاہم اب ایئر لائن کو متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے لیے  پروازیں چلانے کی اجازت مل گئی ہے۔
سیرین ایئر لائن جدہ، ریاض، دبئی اور شارجہ کے لیے براہِ راست پروازیں چلائے گی تاہم کورونا وائرس کے باعث عائد سفری پابندیوں کی وجہ سے سعودی عرب کے لیے پروازیں تاحال شروع نہیں کی گئیں۔ 
نجی ایئر لائن نے 2017 میں پاکستان میں مقامی طور پر فضائی آپریشن کا آغاز کیا تھا۔ سیرین ایئر کے فضائی بیڑے میں 4 بوئنگ 737 اور ایک ایئر بس اے 330 شامل ہے  جبکہ ائیر لائن انتظامیہ نے حال ہی میں ایک اور ائیر بس اے 330 لیز پر حاصل کی ہے۔
کورونا وائرس کے بعد دنیا بھر میں ہوا بازی کا شعبہ مندی کا شکار ہے جس کے باعث فضائی کمپنیوں کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ 
پاکستان میں سیرین ائیر کے علاوہ ایئر سیال کو بھی گزشتہ برس اندرون ملک پروازیں چلانے کا لائسنس دیا گیا ہے جبکہ کمپنی بیرون ملک فضائی آپریشن شروع کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔ 

شیئر: