مکہ: ضوابط کی خلاف ورزی، سبزی منڈی میں تین دکانیں سیل
مکہ: ضوابط کی خلاف ورزی، سبزی منڈی میں تین دکانیں سیل
منگل 20 اپریل 2021 10:37
ضوابط کے مطابق مارکیٹوں میں سماجی فاصلہ رکھنا ضروری ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
مکہ میں بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں نے کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر مرکزی سبزی منڈی میں تین دکانیں سیل کر دیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق بلدیہ کی ٹیموں کی جانب سے کورونا ایس اوپیز کو یقینی بنانے کے لیے بازاروں کا مسلسل دورہ کیا جاتا ہے تاکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے چالان کیے جا سکیں اور ان کو ایس او پیز کا پابند بنایا جائے۔‘
تفتیشی ٹیموں نے مکہ میں ’الکعکیہ‘ کے علاقے کی مرکزی سبزی و پھل منڈی کے دورے کے موقع پرتین دکانوں میں ایس اوپیز کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں جہاں صارفین کے درمیان سماجی فاصلے کے اصول پر عمل نہیں ہو رہا تھا۔‘
سماجی فاصلے کی خلاف ورزیوں پر تفتیشی ٹیموں نے فوری طورپر دکانیں سیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے مالکان کو جرمانے بھی کیے۔
خیال رہے وزارت صحت کی جانب سے کورونا سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کے تحت سماجی فاصلے کے اصول پرسختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مارکیٹوں و عوامی مقامات پرماسک کا استعمال بھی لازمی ہے، ایسا نہ کرنے والوں پرایک ہزارریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے جبکہ دکانوں میں آنے والوں کے درمیان سماجی فاصلہ رکھنا بھی بے حد ضروری ہے۔
احتیاطی ضوابط کے مطابق دکانوں کی گنجائش کے مطابق وہاں بیک وقت موجود لوگوں کی تعداد کا تعین کیا جاتا ہے، اضافی تعداد میں لوگوں کی موجودگی ضوابط کی خلاف ورزی تصورکی جاتی ہے۔
دریں اثنا بلدیہ کی ٹیموں نے مرکزی سبزی منڈی سے 50 کلو گرام غیر معیاری گوشت، جو کہ انسانی استعمال کے قابل نہیں تھا، ضبط کرکے تلف کردیا۔
علاوہ ازیں رمضان المبارک میں بنائے جانے والے سموسوں کی پٹیاں بھی ضبط کرکے تلف کردی گئی جو غیر معیاری تھیں۔