مکہ: عوامی ٹرانسپورٹ منصوبے کے تحت ماڈل بس سٹینڈ کا افتتاح
مکہ: عوامی ٹرانسپورٹ منصوبے کے تحت ماڈل بس سٹینڈ کا افتتاح
جمعرات 22 اپریل 2021 16:43
پبلک ٹرانسپورٹ سے لوگوں کو کافی فائدہ ہو گا(فوٹو،سبق)
مکہ مکرمہ میں پبلک ٹرانسپورٹ پروجیکٹ کے تحت تیار کیے جانے والے ’ماڈل سمارٹ بس اسٹینڈ‘ کا افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پرمنعقدہ تقریب کی سربراہی انجینئرمحمد عبداللہ القویحص نے کی.
مکہ ٹرانسپورٹ اور ریلوے کمپنی کے سی ای او انجینئرخالد عبدالحفیظ فدا بھی موجود تھے۔
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق مکہ پبلک ٹرانسپورٹ پروجیکٹ کے تحت شہر کے مختلف مقامات پر 445 اسمارٹ بس اسٹینڈز تعمیر کیے جائیں گے۔
بس اسٹینڈ انتہائی جدید نوعیت کے ہوں گے جہاں نصب اسکرینز پر بسوں کے روٹس، مسافت اور وقت کا تعین، ایک بس میں مسافروں کی تعداد کے علاوہ بس کی صورتحال اور بس میں پیش کی جانے والی سہولتوں کا بھی ذکرکیا گیا ہے۔
سال رواں کے آختتام سے قبل شہر میں 445 بس اسٹاپ بنائے جائیں گے(فوٹو، سبق)
دوسری جانب مکہ مکرمہ ترقیاتی بورڈ کے سی ای او انجینئراحمد العارضی کا کہنا تھاکہ مکہ بس پروجیکٹ عوامی سہولت کا منصوبہ ہے جس سے عوام الناس کو کافی سہولت ہو گی۔ بس سروس نہ صرف اہل مکہ بلکہ دیگر شہروں اور بیرون ملک سے آنے والوں کےلیے بھی کافی مفید ثابت ہوگی۔
اسمارٹ بس اسٹینڈ کے افتتاح کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل ٹرانسپورٹ منصوبے کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ’جدید ترین ڈئزائن اورسہولتوں سے آراستہ پہلے ماڈل بس اسٹینڈ کے افتتاح کا مقصد اس کے معیار کو جانچنا اور اپنا اطمینان کرنا ہے ۔ ماڈل بس اسٹینڈ میں وہ تمام خوبیاں موجود ہیں جن کے بارے میں پروجیکٹ میں نشاندہی کی گئی تھی۔
مکہ مکرمہ بس سروس عوامی ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں یقینا بہترین اضافہ ہو گا جس سے عام آدمی کو کافی فائدہ ہو گا بلکہ اندرو اور بیرون ملک سے آنے والے زائرین بھی اس سروس سے مستفیض ہونگے۔
واضح رہے مکہ جنرل ٹرانسپورٹ کمپنی نے مکہ بس منصوبے کے آغاز کے لیے سال رواں کی چوتھی سہہ ماہی کو منتخب کیا ہے اس دوران مکہ مکرمہ کے مختلف علاقوں کے روٹس کا تعین اور اسٹینڈز کی تعمیر کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔