انڈیا سے امارات آنے والی پروازوں پر پابندی
جمعرات 22 اپریل 2021 19:07
اتھارٹی کے مطابق یو اے ای کے راستے ٹرانزٹ کرنے والی انڈین فلائٹس بدستور چلتی رہیں گی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات نے انڈیا میں کورونا کیسز میں ریکارڈ اضافے کے بعد 25 اپریل سے 10 روز کے لیے وہاں سے آنے والی پروازوں کا سلسلہ بند کر دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جمعرات کو یہ اعلان امارت کی نیشنل ایمرجنسی کرائسس اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی این سی ای ایم اے) نے کیا ہے۔
اتھارٹی نے ٹوئٹر پوسٹ میں لکھا ہے کہ یو اے ای کے راستے ٹرانزٹ کرنے والی انڈین فلائٹس بدستور چلتی رہیں گی۔
خیال رہے انڈیا میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے تین لاکھ 15 ہزار سے زیادہ نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، یہ دنیا بھر میں یومیہ متاثرین کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
انڈیا میں حکام نے شمشان گھاٹوں پر بڑھتے دباؤ کے پیش نظر میتوں کی آخری رسومات کھیتوں میں ادا کرنے کی اجازت دے دی ہے۔