اردن میں اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کےلیے 423 ٹن کھجوریں
اردن میں سعودی سفیر نے شپمنٹ کے میمورنڈم پر دستخط کیے (فوٹو ایس پی اے)
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے اردن میں اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) کے صدر دفاتر میں 423 ٹن کھجوریں پہنچائی ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اردن میں سعودی سفیر نائف بن بندر السدری نے شپمنٹ کے میمورنڈم پر دستخط کیے جس کے بعد ڈبلیو ایف پی کے ریجنل ڈائریکٹر البرٹو کوریا مینڈس نے اسے وصول کیا۔
السدریری نے کہا کہ ڈبلیو ایف پی کو کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کا عطیہ مملکت کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کےعہد کا ایک حصہ ہے جس کے مطابق وہ جہاں بھی ہوں ضرورت مندوں کی مدد کریں۔ یہ منصوبہ اردن میں اپنے بھائیوں کو مملکت کی فراہم کردہ امداد کے تسلسل کے تحت آتا ہے۔
واضح رہے کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 59 ممالک میں مختلف قسم کے 1556 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 144 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر پانچ بلین ڈالر سے زیادہ کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں3.53 ارب ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 363 ملین ڈالر، شام میں 305 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 202 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔
علاوہ ازیں کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے عالمی ادارہ خوراک پروگرام، بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ایمرجنسی فنڈ اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ شراکت بھی کی ہے۔
کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی جانب سے انسانیت کی خدمت، امدادی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے عرب اور دیگر اسلامی ممالک میں کئی منصوبے جاری ہیں۔