Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صومالی لینڈ میں ایک لاکھ افراد میں 100 ٹن کھجوریں تقسیم

شاہ سلمان مرکز نے کھجوریں تقسیم کرنے کا منصوبہ مکمل کیا ہے۔( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے منگل کو صومالی لینڈ کے دارالحکومت هرجيسا میں ایک لاکھ افراد میں 100 ٹن کھجوریں تقسیم کرنے کا منصوبہ مکمل کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق یہ منصوبہ صومالی لینڈ میں نیشنل اتھارٹی فار ڈراؤٹ کنٹرول اینڈ فوڈ سکیورٹی کے تعاون سے مکمل کیا گیا۔ 
اتھارٹی کے صدر فیصل شیخ نے انسانی مقاصد کے لیےسعودی حکومت کی حمایت پر شکریہ ادا کیا ہے۔
کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے عدن میں قائم مکہ ہسپتال جدید طبی آلات بھی پہنچائے ہیں۔
یمن کے وزیر صحت عامہ اور آبادی ڈاکٹر قاسم محمد بوہیب نے صحت کے شعبے میں مدد فراہم کرنے پر مملکت اور کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر  کے کردار کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے یمن میں صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو تقویت دینے کے لیے کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی فراہم کردہ خدمات کا بھی اعتراف کیا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے ذریعے یمن میں صحت کی دیکھ بھال کے 263 منصوبوں پر کام کیا ہے جن کی لاگت لگ بھگ 734 ملین ڈالر ہے۔
کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر یمن میں صحت کے منصوبوں کے علاوہ متعدد شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔

کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔(فوٹو ایس پی اے)

کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 59 ممالک میں مختلف قسم کے 1536 امدادی منصوبے مکمل کیے ہیں۔ ان منصوبوں پر 5 بلین ڈالر خرچ کیے گئے ہیں۔
کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر  کی حالیہ رپورٹ کے مطابق یمن کو سب سے زیادہ (3.47 بلین ڈالر) امداد ملی ہے، اس کے بعد فلسطین (363 ملین ڈالر) شام (305 ملین ڈالر) اور صومالیہ (202 ملین ڈالر)ہے۔

شیئر: