200 ریال کا نیا کرنسی نوٹ متعارف
سعودی مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ مملکت میں 200 ریال کا نیا کرنسی نوٹ متعارف کرایا جارہا ہے۔ نیا نوٹ وژن 2030 کے اعلان کے پانچ برس مکمل ہونے کے موقع پر اتوار 25 اپریل 2021 کو جاری کیا گیا ہے۔
ویب نیوز سبق نے سعودی سینٹرل بینک کے ٹوئٹر پر جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ’ 200 ریال مالیت کا نیا نوٹ انتہائی اعلی معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے‘۔
نئے نوٹ کا رنگ ’سرمئی ‘ ہے جس پر بانی مملکت شاہ عبدالعزیز آل سعود کی تصویر ہے جبکہ مملکت کے وژن 2030 کا سرکاری لوگو بھی تھری ڈی ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے نوٹ پر بنایا گیا ہے‘۔
نوٹ پر ’سعودی سینٹرل بینک ‘ کا نام بھی تحریر ہے جبکہ عربی میں 200 کا ہندسہ اور عبارت ’مائتا ریال‘ درج کی گئی ہے۔ نوٹ کے دوسری سمت انگلش میں دوسو ریال ہند سوں اورعبارت میں تحریر کیاگیا ہے‘۔
سعودی سینٹرل بینک کا مزید کہنا ہے کہ’ نئے نوٹ کے اجرا کے ساتھ ہی تمام دیگر کرنسی حسب معمول جاری رہے گی‘ ۔