Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منشیات سمگلنگ کی تحقیقات، سعودی عرب کو آگاہ کریں گے: لبنانی صدر

سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ تعلقات مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔(فوٹو ایس پی اے)
لبنان کے صدر میشال عون نے کہا ہے کہ منشیات سمگلنگ کے معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ نتائج سے بہت جلد سعودی عہدیداروں کو مطلع کیا جائے گا۔
انہو ں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ممنوعہ اشیا کی سمگلنگ اور اس کی سرپرستی کرنے والے عناصر کا جلد از جلد پتہ لگائیں اور سمگلنگ کی سرگرمیاں روکنے کے سلسلے میں مستعدی کا مظاہرہ کریں۔ 
اخبار 24 اور الاخباریہ کے مطابق لبنانی صدر نے پیر کو وزیراعظم حسان دیاب کے ساتھ صدارتی محل میں ملاقات کے دوران کہا کہ سعودی عرب کی پابندی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہر طرح کی سمگلنگ ملک کے لیے نقصان دہ ہے۔
لبنانی صدر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی ادارے، پڑوسی ممالک کو سمگلنگ روکنےکے لیے ادنی لاپروائی سے کام نہ لیں۔ اس بات کو مسترد کرتے ہیں کہ لبنانی ادارے نشہ آور اشیا اور ممنوعہ سامان کی سمگلنگ کے لیے استعمال ہوں۔ 
میشال عون نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ تعلقات مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔ سعودی عرب کے امن اور سعودی عوام کی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے ہرعمل کی مذمت کرتے ہیں۔ 
یاد رہے کہ سعودی عرب نے لبنان سے پھلوں اور سبزیوں کی درآمد اور سعودی اراضی سے لبنانی پیداوار لے جانے والے ٹرکوں کے داخلے پر پابندی لگادی تھی۔
پابندی کے فیصلے پر اتوار سے عمل درآمد شروع ہوگیا۔ یہ پابندی انار کے کارٹنوں میں لبنان سے نشہ آور گولیوں کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنانے کے تناظر میں لگائی گئی۔ 

شیئر: