سعودی عرب میں اہل تیونس رمضان دسترخوان کیسے سجاتے ہیں؟
سعودی عرب میں اہل تیونس رمضان دسترخوان کیسے سجاتے ہیں؟
جمعرات 29 اپریل 2021 5:25
تیونس میں رمضان میں مختلف سوپ دستر خوان کی خاص پہچان ہیں- (فوٹو ایٹوتھ)
سعودی عرب میں مقیم تیونس کے لوگ رمضان کے شب و روز اپنے انداز سے گزار رہے ہیں۔ ان کے افطار دسترخوان کی پسندیدہ ترین ڈش سبزیوں کا سوپ اور فرک سوپ ہوتا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق تیونس کے شہری جس طرح اپنے ملک میں رمضان کے رسم و رواج کا اہتمام کرتے ہیں، مملکت میں بھی اپنا یہ شوق پورا کر رہے ہیں۔
رمضان کا مہینہ تیونس کے خاندانوں کے یہاں ماہ مبارک کی پرانی روایتوں اور رسم و رواج کے احیا کا بہترین موقع ہے۔ افطار دسترخوان پر اہل خانہ کا اجتماع اہل تیونس کی بڑی پرانی روایت ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق تیونس کے محمد علی بن عبداللہ نے بتایا کہ تیونس کے بیشتر لوگ پہلا روزہ گھر پر افطار کرتے ہیں۔ اگلے روزے سے افطار ضیافت کا سلسلہ شروع کرتے ہیں۔ رمضان کے باقی ماندہ تمام ایام خاندان کے کسی نہ کسی رشتہ دار کے یہاں روزہ افطار کیا جاتا ہے۔
محمد علی نے بتایا کہ تیونس میں انواع و اقسام کے سوپ رمضان دستر خوان کی خاص پہچان ہیں۔ ان میں سے ایک سوپ لسان العصفورہ کہلاتا ہے۔
’اس میں مرغی کے سینے کے ٹکڑے جو ہڈی سے خالی ہوتے ہیں اور ایک سبزی سے تیار ہوتا ہے۔ اسی طرح فرک سوپ اور سبزیوں کا سوپ کھجور اور پانی کے ہمراہ افطار دسترخوان پر لازمی ہوتا ہے۔‘
محمد علی نے بتایا کہ تیونس کے مشہور پکوانوں میں الکسکسی بھی ہے۔ یہ جو کے آٹے یا مکئی کے آٹے سے تیار کیا جاتا ہے۔ دانوں کی شکل میں ہوتا ہے۔ اس میں گوشت اور سبزیاں شامل ہوتی ہیں جبکہ اس کے ہمراہ ٹماٹر کے ساتھ انڈے کی ڈش بھی رکھی جاتی ہے۔
تیونس کے بیشتر لوگ افطار کا سامان مغرب سے پہلے خریدتے ہیں۔ تازہ دودھ اور لسی بڑے شوق سے استعمال کرتے ہیں۔ مٹھائیوں کا بھی رواج ہے۔
کئی قسم کی مٹھائیاں ہوتی ہیں۔ بیشتر مٹھائیاں قہوے کے ساتھ سحری کے بعد کھائی جاتی ہیں۔
محمد علی نے بتایا کہ تیونس میں بیشتر رسمیں وہی ہیں جو عرب اور مسلم دنیا کے بیشتر ملکوں میں پائی جاتی ہیں مثلا المساہراتی ہوتا ہے جو سحری کے لیے جگاتا ہے۔
رمضان میں مسجدیں تراویح کے بعد تک کھلی رہتی ہیں۔ غریبوں، ناداروں اور بغیر فیملی والوں کے افطار کا انتظام پڑوسی کرتے ہیں۔