روس ولی عہد کے موقف کی حمایت کرتا ہے: ترجمان کریملن
سعودی عرب کے ساتھ تعلقات آگے بڑھانے کے لیے تیار ہیں۔(فوٹو عرب نیوز)
کریملن کے ترجمان دیمتری بیسکوف نے کہا ہے کہ’ روس بین الاقوامی تعلقات پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے موقف کی حمایت کرتا ہے‘۔
جمعے کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےترجمان نے کہا کہ’ روس، ریاض کے ساتھ نئے مکالمے کا عزم رکھتا ہے۔ بین الاقوامی مسائل اور امور پر مشترکہ تصورات کو مد نظر رکھا جائے گا‘۔
العربیہ نیٹ کے مطابق روسی ایوان صدارت کے ترجمان نے کہا کہ’ ماسکو مساوات اور ممالک کے اندرونی امور میں عدم مداخلت کے اصولوں سے متعلق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ٹی وی انٹرویو کی تائید کرتا ہے‘۔
روسی ترجمان نے ولی عہد کے انٹرویو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ’ شہزادہ محمد بن سلمان کے اس بیان نے ہماری توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ سعودی عرب عالمی امور میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کا پابند ہے۔ ان کا یہ کہنا کہ بین الاقوامی تعلقات، مساوات، باہمی احترام، قومی مفادات کی منصفانہ پاسداری اور ایک دوسرے کے اندرونی امور میں عدم مداخلت پر قائم ہوں۔ ہم ان باتوں کی پوری طرح سے تائید و حمایت کرتے ہیں‘۔
روسی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ’ ان دنوں دنیا بھر میں جو کچھ ہورہا ہے ہم دیکھ رہے ہیں کہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہورہی ہے۔ ایسے ماحول میں سعودی ولی عہد کا بیان منفرد ہے‘۔
ترجمان کا کہنا تھا ’ سعودی ولی عہد نے اپنے انٹرویو میں جس موقف کا اظہار کیا ہے وہ بین الاقوامی سیاست میں دونوں ملکوں کے درمیان قدر مشترک کا پتہ دے رہا ہے۔ روس سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات مزید بہتر بنانے کا عزم رکھتا ہے‘۔
روسی ترجمان نے کہا کہ’ صدر پوٹین ان تمام اصولوں کے حامی ہیں اور پوری طرح سے سعودی ولی عہد کے موقف سے مطمئن ہیں۔ سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات آگے بڑھانے کے لیے تیار ہیں‘۔