انڈیا: کورونا سے ہلاکتوں میں ریکارڈ اضافہ، مزید عالمی امداد پہنچنا شروع
انڈیا: کورونا سے ہلاکتوں میں ریکارڈ اضافہ، مزید عالمی امداد پہنچنا شروع
اتوار 2 مئی 2021 21:25
امریکہ، برطانیہ اور روس کے بعد فرانس کی جانب سے بھی طبی سامان انڈیا پہنچ گیا ہے۔ فوٹو اے ایف پی
انڈیا میں کورونا وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں میں ریکارڈ اضافہ ہو گیا ہے جبکہ مریضوں کے علاج کے لیے مزید عالمی امداد بھی پہنچ گئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتوار کو تین ہزار 689 افراد کی موت واقع ہوئی ہے، جو اب تک ایک دن میں ہونے والی ہلاکتوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ جبکہ کورونا متاثرین کے 4 لاکھ نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
امریکہ، برطانیہ اور روس کے بعد فرانس کی جانب سے امدادی سامان پہنچ گیا ہے جس میں آٹھ آکسیجن جنریٹر پلانٹس اور 28 وینٹی لیٹر شامل ہیں۔ گزشتہ روز جرمنی کی جانب سے بھیجے گئے وینٹی لیٹر بھی انڈیا پہنچ گئے تھے۔
امریکہ، برطانیہ اور روس کی جانب سے آکسیجن جنریٹر، فیس ماسک اور ویکسین کی خوارکیں بھجوائی گئی ہیں۔
برازیل اور کینیڈا میں بھی کورونا کیسز میں اضافے کے بعد عالمی وبا کی شدت کا احساس ایک مرتبہ پھر بڑھتا جا رہا ہے۔ دنیا بھر میں اب تک 30 لاکھ سے زائد افراد کورونا کا شکار ہو چکے ہیں۔
انڈیا میں سنیچر سے تمام نوجوانوں کو بھی ویکسین لگانے کے سلسلے کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاہم اکثر ریاستوں کو ویکسین کی سپلائی کی کمی کا سامنا ہے۔
انڈیا میں تعینات جرمنی کے سفیر کا کہنا ہے کہ آکسیجن نہ ہونے کے باعث لوگ کبھی ہسپتالوں کے سامنے دم توڑ رہے ہوتے ہیں، یا کبھی اپنی گاڑی میں۔
جرمنی نے انڈیا کو 120 وینٹی لیٹر عطیہ کیے ہیں جو سنیچر کو پہنچ گئے تھے۔
ویکسینیشن سنٹرز کے باہر لوگوں کی لمبی قطاریں دیکھنے کو ملتی ہیں جو ویکسین لگوانے کے لیے بیتاب ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی صارفین کی بڑی تعداد آکسیجن سلنڈر، ادویات یا بیڈز کے لیے اپیل کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں جن کی قلت کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
دارالحکومت دہلی ملک کے شدید متاثرہ علاقوں میں سے ایک ہے جہاں لاک ڈاؤن مزید ایک ہفتے کے لیے بڑھا دیا گیا ہے۔
عالمی وبا پر امریکی حکومت کے مشیر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے سنیچر کو کہا کہ انڈیا کو کورونا کی لہر سے مقابلہ کرنے کے لیے پورے ملک میں لاک ڈاؤن نافذ کرنا پڑے گا۔
متعدد ممالک نے انڈیا جانے والی پروازوں پر پابندی عائد کر دی ہے جبکہ اتوار کو نائجیریا نے بھی انڈیا سے آنے والے مسافروں پر ملک میں داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔
جنوبی ایشیائی ممالک میں سے سری لنکا میں بھی سنیچر کو متاثرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
سری لنکا میں وبائی امراض کے ماہر سدھت سمارا ویرا کا کہنا ہے کہ سری لنکا میں بھی جلد ہی انڈیا جیسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اگر موجودہ پھیلاؤ پر قابو نہ پایا گیا۔