انڈیا کے ہسپتال میں آتشزدگی، کورونا کے مریضوں سمیت 18 ہلاک
انڈیا کے ہسپتال میں آتشزدگی، کورونا کے مریضوں سمیت 18 ہلاک
ہفتہ 1 مئی 2021 21:43
’ابتدائی تفتیش کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہے( فوٹو روئٹرز)
انڈیا کی مغربی ریاست گجرات میں حکام کے مطابق کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والے ایک ہسپتال میں آگ لگنے سے کم سے کم 18 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ مرنے والوں میں دو ہیلتھ کیئر ورکرز بھی شامل ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق آگ گجرات کے تجارتی شہر احمد آباد سے 185 کلو میٹر دور شمال میں واقع پٹیل ویلفیئر ہسپتال جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج جاری تھا میں جمعے کی رات لگنا شروع ہوئی۔
بھروچ میں پولیس سپرنٹنڈنٹ آر وی چوداسامہ نے بتایا کہ ’آگ لگنے سے 16 مریض اور عملے کے دو ارکان ہلاک ہو گئے۔ ان میں سے 12 افراد آگ اور دھواں کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوتا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔‘
انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ وہ ’بھروچ کے ایک ہسپتال میں لگنے والی آگ کی وجہ سے جانوں کے ضیاع پر تکلیف میں ہیں۔‘
انڈیا کی وزارت صحت کی جانب سے سنیچر کو جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ہیلتھ کیئر کا سسٹم کورونا وائرس بحران سے نمٹنے کے لیے جدوجہد کر رہا ہے جس نے اب تک دو لاکھ 11 ہزار 853 افراد کو ہلاک اور 19 ملین سے زیادہ کو متاثر کیا ہے۔
واضح رہے کہ ممبئی کے نواحی علاقے میں 23 اپریل کو کورونا کے مریضوں کا علاج کرنے والے ایک ہسپتال میں آگ لگنے سے 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
اس سے قبل مہاراشٹر کے ایک سرکاری ہسپتال میں 22 مریض اس وقت ہلاک ہو گئے تھے جب آکسیجن فراہم کرنے والے ٹینک لیک ہو جانے کی وجہ سے آکسیجن کی فراہمی ختم ہو گئی تھی۔
انڈیا کورونا وائرس کے باعث شدید بحران سے دوچار ہے۔ ہسپتال اور سرد خانے اپنی گنجائش سے زیادہ بھرے ہوئے ہیں جبکہ ادویات اور آکسیجن کی کمی نے مزید مشکلات کھڑی کر دی ہیں۔ انڈیا کے کئی شہروں میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔
انڈیا میں اب تک کورونا وائرس کے تقریباً ایک کروڑ 87 لاکھ کیسز سامنے آ چکے ہیں- انڈیا امریکہ کے بعد کورونا کی وبا سے متاثر ہونے والا دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے جہاں اب تک 2 لاکھ 7 ہزار سے زیادہ ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔