Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ ہیری کی اہلیہ میگھن مرکل کی کتاب ’دا بینچ‘ 8 جون کو شائع ہوگی

میگھن مرکل کی کتاب دا بینچ 8 جون کو شائع ہوگی (فوٹو: اے ایف پی)
برطانوی شہزادہ ہیری کی اہلیہ میگھن مرکل اپنے شوہر اور بیٹے ہیری کے مضبوط رشتے سے متاثر ہو کر بچوں کی ایک کتاب شائع کر رہی ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شاہی جوڑے کی فاؤنڈیشن نے اعلان کیا ہے کہ میگھن مرکل کی ’دا بینچ‘ نامی کتاب آٹھ جون کو شائع ہوگی۔
ڈچز آف سسیکس میگھن مرکل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’بچوں کی کتاب ’دا بینچ‘ کا آغاز دراصل ایک نظم سے ہوا تھا جو انہوں بیٹے آرچی کی پیدائش کے ایک ماہ بعد فادرز ڈے کے موقع پر اپنے شوہر کے لیے لکھی تھی، جو بعد میں کہانی کی شکل اختیار کر گئی۔‘
میگھن مرکل نے کہا کہ ’اس کتاب میں باپ اور بیٹوں کے درمیان پیار، خوشی اور آسودگی کے رشتے کی عکاسی کی گئی ہے۔‘
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ہر خاندان کو ’دا بینچ‘ کی کہانی میں اپنی حقیقت کی جھلک دکھائی دے گی۔
چھ مئی کو میگھن مرکل اور شہزادہ ہیری کا پہلا بیٹا آرچی دو سال کا ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ میگھن مرکل نے کچھ عرصہ پہلے معروف امریکی ٹی وی میزبان اوپرا ونفری کو دیے گئے ایک طویل انٹرویو میں شاہی خاندان سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
میگھن مرکل نے کہا تھا کہ ’انہیں شاہی خاندان کی جانب سے تحفظ نہیں ملا، شاہی خاندان کو یہاں تک اعتراض تھا کہ ہمارے بچے کی رنگت کالی ہوگی۔ بچے کی پیدائش کے بعد شاہی خاندان کی تصویر کھنچوانے کے بارے میں پوچھا تک نہیں گیا۔‘
 بکنگھم پیلس نے ملکہ برطانیہ کی جانب سے ردعمل میں کہا تھا کہ پوری فیملی کو یہ جان کر بہت دکھ ہوا ہے کہ ہیری اور میگھن کے لیے پچھلے چند سال کتنے چیلنجنگ رہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال فروری میں شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ اعلیٰ شاہی حیثیت سے دستبردار ہو گئے تھے جس کے بعد سے وہ شاہی فرائض سرانجام نہیں دے رہے۔

شیئر: