Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا ہیری ’برگر کنگ‘ میں نوکری کریں گے؟

حال ہی میں امریکی فاسٹ فوڈ چین برگر کنگ نے شہزادہ ہیری کو نوکری کی پیشکش کی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
برطانیہ کے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل کے اپنے اعلیٰ شاہی عہدے جزوی طور پر چھوڑنے کے اعلان کے بعد اب ان کی نوکری کی باتیں گردش کرنے لگی ہیں، کیونکہ ان کے فیصلے کی ایک وجہ مالی خودمختار زندگی اپنانے کی خواہش بھی ہے۔
سوشل میڈیا پر کہیں ہیری کی میگھن کے لیے نوکری کی کوششوں کی باتیں چل رہی ہیں تو کہیں ہیری کو ملنے والی نوکری کی پیشکش پر تبصرے ہو رہے ہیں۔
امریکی فاسٹ فوڈ چین برگر کنگ کی حال ہی میں اپنے ٹوئٹر ہینڈل کے ذریعے ہیری کو کی جانے والی نوکری کی پیشکش پر بھی باتیں ہو رہی ہیں۔
برگر کنگ کے پیج پر کیے جانے والے اس ٹویٹ کو کچھ صارفین نے مزاح کی نظر سے دیکھا تو کچھ نے اسے سنجیدہ رُخ دیا۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر فلم ’لائن کنگ‘ کی افتتاحی تقریب کی ایک ویڈیو بھی گردش کر رہی ہے، جولائی میں بنائی گئی اس ویڈیو میں ہیری کو امریکی کمپنی ڈزنی کے سربراہ رابرٹ آیگر سے بات کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ہیری ڈزنی کے سی ای او کو میگھن کی وائس اوور کی صلاحیتوں کے بارے میں بتا رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ وہ ڈزنی کے لیے یہ کام کرنا پسند کریں گی۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل ہیری اور میگھن نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی شاہی ذمہ داریاں جزوی طور پر چھوڑ کر شمالی امریکہ میں زندگی کی شروعات کریں گے۔ اس فیصلے کی وجوہات میں سے دو یہ ہیں کہ ہیری اور میگھن ایک ذاتی طور پر اپنے لیے آمدنی کمانے کی خواہش رکھتے ہیں اور میڈیا کی اپنی کی زندگی میں مداخلت سے دور جانا چاہتے ہیں۔
فی الوقت شہزادی ہیری کا ذریعہ آمدن شہزادہ چارلس کی انگلینڈ کے علاقے کارنوال کی زمینوں سے آنے والی رقوم ہیں۔
ابتدائی طور پر بکنگھم پیلس میں ہیری اور میگھن کے فیصلے سے متعلق مایوسی کا اظہار ظاہر کیا گیا تھا۔ تاہم پیر کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ملکہ الیزابتھ نے دونوں کے فیصلے پر رضامندی کا اظہار کیا۔
امریکی ویب سائٹ این بی سی نیوز کے مطابق، ملکہ الزابتھ نے کہا ہے کہ وہ ہیری اور میگھن کے خود مختار زندگی گزارنے کے فیصلے پر دعا گو ہیں، لیکن انہیں اچھا لگتا اگر وہ پوری طرح سے شاہی خانداں کے فرد رہتے۔

شیئر: