Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی خاتون نے دمام مارکیٹ میں کام شروع کردیا

مارکیٹ میں دکان نمایاں ترین جگہ پر الاٹ کی گئی ہے۔ (فوٹو ٹوئٹر)
مشرقی ریجن کے نائب گورنر شہزادہ احمد بن فہد بن سلمان کی ہدایت پر سبزی فروش خاتون کو دمام سینٹرل مارکیٹ میں سبزی کی دکان باقاعدہ الاٹ کردی گئی ہے۔ 
ام زیاد جب مارکیٹ پہنچیں تو دکانداروں اور گاہکوں نے پرجوش خیر مقدم کیا۔ مارکیٹ میں  دکان نمایاں ترین جگہ پر الاٹ کی گئی ہے۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق مقامی فوٹو گرافر نے ام زیاد کی وڈیو بناکر سوشل میڈیا پر اس کے خلاف مہم چلانے کی کوشش کی تھی جس پر منفی ردعمل آیا۔ سوشل میڈیا صارفین نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔
نائب گورنر نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے ام زیاد سے رابطہ کرکے انہیں سینٹرل مارکیٹ میں دکان دلانے کا وعدہ کیا تھا۔
ایک سرمایہ کار نے ام زیاد کی دکان پر پھل اور سبزیاں مفت بھجوا دیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران سبزیاں اور پھل انہیں مفت فراہم کیے جائیں گے۔ 
الشرقیہ میونسپلٹی نے ام زیاد کو دکان الاٹ کرانے کی کارروائی تیزی سے انجام دی۔ سامان اتارنے، لادنے اور سجانے کے لیے ایک معاون بھی تعینات کیا ہے۔
اخبار 24 سے گفتگو کرتے ہوئے ام زیاد نےکہا کہ وڈیو کلب بنانے اور سوشل میڈیا پر شیئر کرنے والے فوٹو گرافر کو معاف کرچکی  ہوں۔ اپنے حق سے دستبرداری کی رپورٹ بھی کروں گی۔ بعض لوگوں کا یہ دعوی کہ میں نے اس سے ایک لاکھ  ریال ہرجانہ طلب کیا ہے یہ غلط ہے۔

شیئر: