Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چار ہزار ریال میں فروخت ہونے والے اخبار میں کیا خاص ہے؟

پرانے اخبارات 100 ریال سے لے کر20 ریال تک میں فروخت کیے جاتے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی درالحکومت ریاض میں پرانا سامان فروخت کرنے والی مارکیٹ میں ایک شخص نے قدیم اخبارات اور رسائل فروخت کرنے کا سٹال لگا لیا ہے۔
پرانے اور نادر جرائد فروخت کرنے کا یہ سٹال اپنی نوعیت کا پہلا سٹال مانا جا رہا ہے۔ سٹال پرسب سے مہنگا اخبار 4 ہزارریال میں فروخت ہوا۔
ویب نیوز اخبار 24 نے سعودی ٹی وی ’الاخباریہ‘ کی رپورٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ ریاض شہر میں پرانا سامان فروخت کرنے کی مارکیٹ میں پہلی بار ایک شہری نے قدیم اشیا کی فروخت کے اسٹال پر پرانے اور نادر اخبارات و رسالے فروخت کے لیے رکھ  دیے۔

پرانے اخبارات کی قیمت شاہی ادوارکے حساب سے متعین کی گئی ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)

سٹال کے مالک نے الاخباریہ ٹی وی کو بتایا کہ اب تک سب سے مہنگا اخبار 4 ہزار ریال میں فروخت کیا ہے جس میں شاہ عبدالعزیز کےانتقال کی خبرشائع ہوئی تھی۔
پرانے اخبارات کے سٹال پرفروخت کے لیے رکھے گئے جرائد کو مختلف شاہی ادوار کے حساب سے نرخ متعین کیے گئے ہیں جو اخبار جتنا پرانا ہوگا اس کے نرخ اتنے ہی زیادہ ہیں۔
شاہ سعود کے دور کے اخبارات کی قیمت 100 ریال جبکہ شاہ فیصل کے دور کے اخبار 50، شاہ خالد کے 30 اور شاہ فہد کے دور کے اخبارات 20 ریال میں فروخت کیے جاتے ہیں۔

سٹال کے مالک نے بتایا کہ قدیم جرائد تاریخ کا حصہ ہوتے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)

سٹال کے مالک کا کہنا تھا کہ اگرچہ اب پرنٹ میڈیا کا دور ختم ہوتا جارہا ہے تاہم اب بھی اکثر ایسے افراد ہیں جو اپنی صبح کا آغاز اخبار کے مطالعے سے کرتے ہیں۔
پرانے اخبار کا اسٹال لگانے کے حوالے سے سٹال کے مالک نے بتایا کہ قدیم جرائد تاریخ کا حصہ ہوتے ہیں اور تاریخ سب کو معلوم ہونی چاہیے اسی سوچ کے تحت یہ سٹال لگایا ہے۔

شیئر: