Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم عمران خان تین روزہ دورے پر آج سعودی عرب روانہ ہوں گے

پاکستان اور سعودی قیادت کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا (فوٹو: پی ٹی آئی ٹوئٹر)
وزیراعظم پاکستان عمران خان سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر آج جمعے کی شام تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ رہے ہیں۔
ان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی کابینہ کے ارکان بھی ہوں گے۔
دورے کی تیاریوں کے لیے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مشرق وسطیٰ علامہ طاہر اشرفی اور معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل گذشتہ روز جدہ پہنچ چکے ہیں۔
جدہ میں پاکستان قونصلیٹ میں علامہ طاہر اشرفی اور ڈاکٹر شہباز گل نے وزیر اعظم عمران خان کے دورے کی اہیمت، پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی تعلقات، گرین پاکستان اور مشرق وسطی اور اسلاموفوبیا کے حوالے سے مقامی عربی میڈیا کو بریفنگ دی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مشرق وسطیٰ علامہ طاہر اشرفی نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے جس میں دوطرفہ تعلقات کے ساتھ عالم اسلام کے مسائل اور امت کے مسائل پر بات ہوگی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آٹھ سے زیادہ معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔‘
علامہ طاہر اشرفی کے مطابق معاشی، تجارتی، سرمایہ کاری اور مملکت میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے مواقع سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

عمران خان کے دورے کے دوران گرین پاکستان اور گرین سعودی عرب سمیت متعد معاہدوں پر دستخط ہو گے۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)

انہوں نے مزید بتایا کہ ’وزیراعظم کے دورے کے اختتام پر اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا، جسے حتمی شکل دی جا رہی ہے۔‘
وزیراعظم عمران خان کے دورے میں جن شعبوں میں معاہدوں پر دستخط ہونا ہیں ان میں گرین پاکستان، گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطی، نیشنل سپریم کوآرڈینیشن کونسل کی تشکیل، وزارت داخلہ اور وزارت ثقافت اور اطلاعات کے حوالے سے معاہدے شامل ہیں۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی رہنماوں سے ملاقات کے بعد وزیراعظم عمران خان عمرے کے لیے جائیں گے اور مدینہ میں روضہ رسول پر حاضری دیں گے۔
وزیراعظم عمران خان اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین سے بھی ملاقات کریں گے۔ جس میں اسلامو فوبیا اور دیگر عالم اسلام کے مسائل کے پر بات ہو گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سعودی ٹی وی الاخباریہ ٹی وی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات کی گہرائی کا مظہر ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق جدہ میں پاکستانی کمیونٹی کے نمائندہ اجتماع سے ان کا خطاب بھی شیڈول ہے۔ اس میں گورنر سٹیٹ بینک روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اور اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے مختلف سکیموں کے حوالے سے بریفنگ دیں گے۔ وزیراعظم اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے حکومتی اقدامات سے آگاہ کریں گے۔

بلال اکبر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں مزید وسعت لائے گا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے برسراقتدار آنے کے  چند ماہ بعد 18 سمبر 2018 کو پہلا غیر ملکی دورہ سعودی عرب کا کیا تھا۔ اس کے بعد 22 اکتوبر کو دوسرا اور 13 دسمبر 2019 کو تیسرا دورہ کیا تھا۔ اب وہ سات مئی 2021 کو سعودی عرب کے چوتھے دورے پر پہنچ رہے ہیں۔
علاوہ ازیں سعودی عرب میں پاکستان کے نئے سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) بلال اکبر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے ہے۔ یہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں مزید وسعت لائے گا۔ ہماری دوستی اور بھائی چارے کو مزید گہرا کرے گا۔
 اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بلال اکبر کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی تعلقات ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کا یہ دورہ  انتہائی اہم وقت میں ہو رہا ہے جب سعودی عرب علاقے میں اہم اقدامات کر رہا ہے۔ وہ اپنے ہمسایوں اور ارد گرد کے خطے میں دوستی اور امن کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب کی امن کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ ہم اس پورے خطے کو امن اور خوشحالی کی طرف بڑھتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس میں پاکستانی کمیونٹی اور پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔‘

شیئر: