Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب مدد نہ کرتا تو پاکستان دیوالیہ ہوجاتا: وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ’بیرون ملک مقیم 90 لاکھ پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں اور مستقبل میں پاکستان میں ان کا اہم کردار دیکھ رہا ہوں۔‘
اتوار کو جدہ میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’اوورسیز پاکستانی ہمیشہ میری سب سے بڑی طاقت رہے ہیں۔‘
سعودی عرب میں موجود پاکستانی کمیونٹی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔‘

 

دورہ سعودی عرب کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’یہ دورہ پاکستان کے لیے بہت اہم ہے، اس دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔‘
’سعودی عرب ہمیشہ مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑا رہا جس پر ہم سعودی قیادت اور حکومت کے شکرگزار ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اگر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات بروقت ہماری مدد نہ کرتے تو ہم دیوالیہ ہوجاتے اور پھر ہماری معیشت کے لیے بڑی مشکلات پیدا ہوجاتیں۔‘
’سعودی عرب اور یو اے ای نے مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی اور ادھار پر تیل فراہم کیا۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ توقع سے زیادہ کامیاب رہا۔ ترسیلاتِ زر کو بڑھانے میں گورنر سٹیٹ بینک کا اہم کردار ہے۔‘
’پاکستان کی معیشت فروغ پا رہی ہے اور تعمیراتی شعبے میں سب سے زیادہ ملازمتیں پیدا ہورہی ہیں۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’پاکستان میں اس وقت فیصلہ کن وقت ہے، ایک طرف پرانا سٹیٹس کو اور مافیاز ہے جو پرانے نظام کو بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑا رہا جس پر ہم سعودی قیادت کے شکرگزار ہیں‘ (فوٹو: اے ایف پی)

’دوسری جانب پاکستان کے عوام میرے ساتھ ہیں جو تبدیلی اور قانون کی بالادستی کی طرف چاہتے ہیں، یہ اصل میں قانون کی بالادستی کی جدوجہد ہے۔‘
عمران خان کے مطابق ’اب تبدیلی کو کوئی نہیں روک سکتا، کیونکہ پاکستان میں اب آگاہی پیدا ہوگئی ہے۔‘
وزیراعظم کے مطابق ’سوشل میڈیا نے عوام میں آگاہی پیدا کر دی ہے۔ روایتی میڈیا کو خرید بھی لیں تو سوشل میڈیا بہرحال موجود ہے۔‘
’ہماری پارٹی بھی سوشل میڈیا اور نوجوانوں کی وجہ سے اقتدار میں آئی ہے۔‘ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ’نئے پاکستان کے لیے جدوجہد چل رہی ہے۔ خوش خبری دیتا ہوں کہ جلد نیا پاکستان بنے گا۔‘

وزیراعظم کی او آئی سی کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات

دریں اثنا وزیراعظم عمران خان او آئی سی کے سیکریٹری جنرل سے مکہ میں ملاقات کی۔ 
ملاقات میں وزیراعظم اور او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے باہمی دلچسپی کے امور اور مسلم امہ کو درپیش چیلینجز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ 

شیئر: