ٹوئٹر پر لوگوں کو سب سے زیادہ فالو کرنے والا سیاستدان کون؟
ٹوئٹر پر لوگوں کو سب سے زیادہ فالو کرنے والا سیاستدان کون؟
جمعرات 13 مئی 2021 8:16
شاہد عباسی -اردو نیوز، اسلام آباد
عمران خان کے ٹوئٹر پر ایک کروڑ 34 لاکھ 77 ہزار فالوورز ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم عمران خان ٹوئٹر فالوورز کے حوالے سے پاکستانی سیاستدانوں میں سب سے آگے ہیں۔ ان کی حکومت پر ہونے والی تنقید کے باوجود ان کے فالوورز کی تعداد میں کمی کی بجائے اضافہ ہوا ہے۔
عمران خان کے علاوہ دیگر سیاستدانوں کی بھی سوشل میڈیا بالخصوص ٹوئٹر پر سرگرمیاں کافی دلچسپ ہیں اور ان کے فالوورز کی گھٹتی بڑھتی تعداد ان کے سیاسی پروفائلز میں تبدیلیوں کی طرف اشارہ کرتی محسوس ہوتی ہے۔
چند برس قبل تک سیاسی رہنماوں کے قد کاٹھ کا اندازہ لگانے کے لیے ان کے جلسوں کا بڑا ہونا، اس کے اثرات اور پارلیمان میں ان کی موجودگی کو اہم جانا جاتا تھا۔ لیکن جب سے ڈیجیٹل دنیا نے سوشل میڈیا کی صورت ایک ابلاغی فورم ترتیب دیا ہے، تب سے کسی سیاستدان کی ان فورمز بالخصوص ٹوئٹر پر موجودگی اور سماجی رابطے کی اس ویب سائٹ پر ان کے فالوورز کی تعداد بھی ان کی عوام میں مقبولیت کا ایک اہم ذریعہ سمجھی جاتی ہے۔
پاکستان میں انٹرنیٹ اور پھر سوشل میڈیا متعارف ہونے کے ابتدائی عرصے میں اہل سیاست میں کم ہی لوگ ایسے تھے جو اس جانب متوجہ ہوئے ہوں، تاہم گذشتہ سات سے نو برسوں کے دوران اہم سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فیس بک، ٹوئٹر اور انسٹاگرام کے ساتھ ساتھ یوٹیوب پر بھی سیاسی رہنماؤں اور سیاسی جماعتوں کی سرگرمیاں کئی گنا بڑھی ہیں۔
ٹوئٹر پر کس پاکستانی سیاستدان کے کتنے فالوورز ہیں؟
پاکستانی سیاستدانوں میں اس وقت وزیراعظم عمران خان ٹوئٹر پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والی شخصیت ہیں۔ ایک کروڑ 34 لاکھ 77 ہزار فالوورز رکھنے والے عمران خان اس وقت کسی کو بھی فالو نہیں کر رہے۔
کچھ عرصہ قبل تک وہ اپنی جماعت تحریک انصاف کے رہنماؤں سمیت تقریبا 18 اکاؤنٹس کو فالو کرتے تھے تاہم انہوں نے 27 نومبر کے بعد سبھی کو ان فالو کر دیا تھا۔
گذشتہ چھ ماہ میں وزیراعظم عمران خان کے ٹوئٹر فالوورز میں تقریبا 13 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔
مختلف لوگوں کی ٹوئٹر سرگرمیوں کا تجزیہ کرنے والے ڈیجیٹل سٹریٹیجسٹ شہریار پوپلزئی نے اردو نیوز کو بتایا کہ وزیراعظم کے منصب پر موجودگی عمران خان کے فالوورز میں مسلسل اضافے کا ذریعہ ہے۔
’تین برس قبل ہم نے ایک جائزہ لیا تھا اس میں بھی وہ سب سے آگے تھے۔ پارٹی لیڈر شپ، ملک کی قیادت اور پھر ٹوئٹر پر فعال ہونا تینوں ہی ان کے فالوورز میں مسلسل اضافے کے اہم پہلو ہیں۔‘
عمران خان کے قریبی ساتھی اور پی ٹی آئی حکومت کے وفاقی وزیر اسد عمر ٹوئٹر پر مقبول سیاستدانوں کی فہرست میں وزیراعظم کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔
اس وقت 71 لاکھ 95 ہزار سے زائد فالوورز رکھنے والے اسد عمر ٹوئٹر پر اپنا اکاؤنٹ بنانے سے لے کر اب تک 12 ہزار 200 سے زائد ٹویٹس کر چکے ہیں اور 30 اکاؤنٹس کو فالو کرتے ہیں۔
گذشتہ چھ ماہ کے دوران ان کے فالوورز کی تعداد میں تقریبا چار لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔
مریم نواز سب سے زیادہ لوگوں کو فالو کرنے والی سیاستدان
اپوزیشن جماعت ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز بھی ٹوئٹر پر فعال سیاستدانوں میں شمار کی جاتی ہیں۔ 60 لاکھ 32 ہزار سے زائد فالوورز رکھنے والا مریم نواز کا اکاؤنٹ جنوری 2012 سے ٹوئٹر پر فعال ہے۔ گذشتہ چھ ماہ کے دوران ان کے فالوورز کی تعداد میں تقریبا چار لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان میں سیاستدانوں کے تین بڑے ٹوئٹر اکاؤنٹس میں مریم نواز واحد سیاستدان ہیں جو سب سے زیادہ 11 ہزار سے زائد افراد کو فالو کرتی ہیں۔ ان میں ن لیگ کے رہنماؤں سمیت سوشل میڈیا پر فعال صحافی، میڈیا ہاؤسز اور پارٹی کے فعال ورکرز کے اکاؤنٹس بھی شامل ہیں۔
گذشتہ کئی دہائیوں سے راولپنڈی کی مقامی اور قومی سیاست میں سرگرم سینیئر سیاستدان شیخ رشید احمد کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی پاکستانی سیاستدانوں کے بڑے اکاؤنٹس کی فہرست کا حصہ ہے۔
دسمبر 2011 میں ٹوئٹر پر فعال ہونے والا شیخ رشید کا اکاؤنٹ 56 لاکھ 63 ہزار سے زائد فالوورز رکھتا اور صرف دو اکاؤنٹس کو فالو کرتا ہے۔ 27 نومبر 2020 تک اس اکاؤنٹ سے 195 افراد اور اداروں کے اکاؤنٹس کو فالو کیا جاتا تھا۔ لیکن پھر شیخ رشید نے فوج کے شعبہ تعلقات عامہ اور وزیر اعظم عمران خان کے علاوہ سب کو ان فالو کر دیا۔
ایک لاکھ 12 ہزار سے زائد ٹویٹ کر چکنے والے شیخ رشید کے اس اکاؤنٹ کو گذشتہ چھ ماہ کے دوران تقریبا تین لاکھ نئے فالوورز ملے ہیں۔
پاکستان کے مرکز میں اپوزیشن جب کہ ملک کے جنوبی صوبے سندھ کی حکمراں جماعت پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 42 لاکھ 98 ہزار فالوورز کے ساتھ ٹوئٹر پر متحرک پاکستانی سیاستدانوں کی فہرست کا حصہ ہیں۔
جولائی 2011 میں بننے والے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اب تک 13 ہزار 700 سے زائد ٹویٹس کرنے والے بلاول بھٹو زرداری 2186 اکاؤنٹس کو فالو کرتے ہیں۔ ان میں پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کے اکاؤنٹس سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی اور غیرملکی اکاؤنٹس شامل ہیں۔
گذشتہ چھ ماہ میں دو لاکھ سے زائد فالوورز پانے والے بلاول بھٹو زرداری کے اکاؤنٹ سے جن لوگوں کو فالو کیا جاتا ہے ان کی تعداد میں تواتر سے کمی بیشی ہوتی ہے جو کہ کسی اور پاکستانی سیاستدان کے اکاؤنٹ سے نسبتا مختلف عمل ہے۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور ن لیگ کے صدر شہباز شریف بھی ٹوئٹر کے بڑے اکاؤنٹس رکھنے والے سیاستدان ہیں۔
ان کی وزارت اعلٰی ختم ہو چکی ہے جس کے بعد اب وہ قومی اسمبلی کے رکن ہیں تاہم ان کے ٹوئٹر پروفائل نام میں اب بھی ’سی ایم‘ کے الفاظ باقی ہیں جو چیف منسٹر کے مخفف کے طور پر استعمال ہوتے ہیں۔
شہباز شریف کے 52 لاکھ 11 ہزار سے زائد فالوورز رکھنے والے اکاؤنٹ سے اب تک 7784 ٹویٹس کی گئی ہیں۔
ٹوئٹر پر بڑے اکاؤنٹس رکھنے والے پاکستانی سیاستدانوں کی فہرست میں شہباز شریف واحد رہنما ہیں جن کے اکاؤنٹ پر گذشتہ چھ ماہ میں فالوورز بڑھے تو ہیں لیکن اضافے کے بعد ان میں ہزاروں کی کمی واقع ہوئی ہے۔
نومبر 2020 میں ان کے 52 لاکھ 26 ہزار 946 فالوورز تھے جواب کم ہو کر 52 لاکھ 11 ہزار سے کچھ زائد رہ گئے ہیں۔ اس طرح شہباز شریف نے گذشتہ تقریبا چھ ماہ میں پندرہ ہزار فالوورز کھوئے ہیں۔
اس بارے میں شہریار پوپلزئی کا کہنا ہے کہ ’ٹوئٹر پر فالوورز میں اضافے یا کمی کو پرکھنے کا کوئی مستند طریقہ تو نہیں ہے جس سے حتمی طور پر وجہ کا تعین کیا جا سکے۔ تاہم مختلف واقعات، اعلانات، کسی اکاؤنٹ کا فعال یا غیرفعال ہونا فالوورز کی تعداد پر اثرات مرتب کرتا ہے۔‘
شہباز شریف کا ٹوئٹر اکاؤنٹ اپریل 2010 میں بنایا گیا تھا اور ستمبر 2020 کے بعد سے ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کوئی سرگرمی نہیں کی گئی ہے۔
شفقت محمود فالوورز میں اضافے کی رفتار میں عمران خان سے بھی آگے
وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود اور وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد حسین بھی ان پاکستانی سیاستدانوں میں شامل ہیں جو ٹوئٹر پر زیادہ فالوورز رکھنے والی فہرست کا حصہ ہیں۔
فالوورز میں تیزی سے اضافے کے اعتبار سے شفقت محمود اس وقت وزیراعظم عمران خان سے بھی آگے ہیں۔ ان کے فالوورز کی تعداد 24 لاکھ سے زائد ہے جب کہ وہ 153 اکاؤنٹس کو فالو کرتے ہیں۔
شہریار پوپلزئی کے مطابق شفقت محمود کے فالوورز میں تیزی سے اضافے کی وجہ کورونا کے دنوں میں سکولوں کی بندش اور کھلنے کے بارے میں اطلاعات کی فراہمی ہے۔
’چونکہ طلبہ کی اکثریت تعلیمی اعلانات، مسائل اور خدشات وغیرہ سے متعلق ان سے رابطہ کرتی یا ان کی ٹوئٹر سرگرمی میں انگیج ہوتی رہی ہے۔‘
وفاقی وزیرسائنس چوہدری فواد حسین کے ٹوئٹر فالوورز کی تعداد 38 لاکھ سے زائد ہے جب کہ وہ 2650 افراد کو فالو کرتے ہیں۔ زیادہ افراد کو فالو کرنے کے اعتبار سے فواد چوہدری اپنی جماعت کے دیگر رہنماؤں کے معاملے میں منفرد حیثیت رکھتے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے رکن قومی اسمبلی اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے بھی 24 لاکھ فالوورز ہیں۔
مئی 2014 میں ٹوئٹر کو جوائن کرنے والے ان کے اکاؤنٹ سے 51 دیگر اکاؤنٹس کو فالو کیا جاتا ہے جس میں زیادہ تر پارٹی قیادت اور میڈیا سے متعلق اکاؤنٹس شامل ہیں۔
جماعت اسلامی کے سربراہ اور سینیٹ آف پاکستان کے رکن رہنے والے سراج الحق بھی ٹوئٹر پر فعال پاکستانی سیاستدانوں کی فہرست کا حصہ ہیں۔
سراج الحق کا 10 لاکھ 42 ہزار سے زائد فالوورز رکھنے والا اکاؤنٹ پارٹی رہنماؤں اور اہم شخصیات و اداروں کے ساتھ اپنی پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایکٹو ٹوئٹر صارفین کو بھی فالو کرتا ہے، ایسے اکاؤنٹس کی تعداد 302 ہے۔
اب تک 5600 سے زائد ٹویٹس کرنے والے سراج الحق کا اکاؤنٹ اپریل 2012 میں بنایا گیا تھا۔
اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سیاسی جماعتوں کی مرکزی قیادت میں سب سے آخر میں ٹوئٹر پر فعال ہونے والے رہنماؤں میں شمار کیے جاتے ہیں۔ ان کے دو لاکھ 96 ہزار فالوورز رکھنے والے اکاؤنٹ سے 11 دیگر اکاؤنٹس کو فالو کیا جاتا ہے۔