Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

این اے 249 کا ضمنی انتخاب:  ٹوئٹر پر بھی ’مقابلہ‘

این اے 249 میں ہونے والے ضمنی انتخاب کا نتیجہ ابھی تک نہیں آیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ایک مقابلہ کراچی کے حلقہ این اے 249 پر جاری ہے تو دوسرا سوشل میڈیا خصوصاً ٹوئٹر پر، دونوں کا نتیجہ ابھی تک نہیں آیا، کراچی میں لوگ ووٹ ڈال چکے ہیں اور گنتی جاری ہے جبکہ ٹوئٹر پر ٹویٹس، ری ٹویٹس اور کمنٹس کا سلسلہ جاری ہے جس میں زیادہ تر وہ صارفین شرکت کر رہے ہیں جو پارٹیوں میں سے کسی ایک کے ساتھ ہمدردیاں رکھتے ہیں اور ہر ایک کا یہی خیال ہے کہ اس کی پارٹی جیت رہی ہے۔
اسی حوالے سے کی جانے والی ٹویٹس پر مختلف لوگ مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔
ووٹوں کی گنتی کے دوران  پاکستان تحریک انصاف کی پوزیشن پر تبصرہ کرتے ہوئے عمار مسعود نے لکھا کہ ’ کراچی کے نتائج بتا رہے ہیں کہ 2018 میں عوام کے حق پر کتنا بڑا ڈاکہ پڑا تھا
الیکشن پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر صارف ثانیہ کا کہنا تھا کہ ’این اے 249 کے انتخابات کے نتائج آرہے ہیں اور ایک بات واضح ہے کہ پاکستان تحریک انصاف مقابلے میں نہیں ہے۔‘
ندا اطہر نے جب ن لیگ کی سوشل میڈیا ٹیم کا ذکر اپنی ٹویٹ میں کیا تو مریم نواز نے بھی اس پر تبصرہ کیا۔ ندا اطہر نے لکھا ’ابھی تک این اے 249  کا مکمل نتیجہ تو نہیں آیا لیکن کراچی میں مسلم لیگ ن کی سوشل میڈیا ٹیم گراؤنڈ پر جس طرح ایکٹیو رہی اور جس طرح ایکٹیو ہے اس کی تعریف نہ کرنا زیادتی ہو گی، ویری ویل ڈن سوشل میڈیا ٹیم مسلم لیگ ن کراچی‘

مریم نواز نے جواب دیا ’مجھے پاکستان مسلم لیگ نون سوشل میڈیا کراچی پر فخر ہے۔ آپ لوگوں نے ایسے کام کیا جیسے یہ آپ کا اپنا الیکشن ہو، شاباش۔

صارف اسد علی طور پاکستان تحریک انصاف کی پوزیشن کا جائزہ لیتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’ ایسا لگ رہا ہے جیسے یہ الیکشن پی ڈی ایم بمقابلہ پی ڈی ایم ہو، اپوزیشن بمقابلہ اپوزیشن، پاکستان پیپلز پارٹی بمقابلہ پاکستان مسلم لیگ نون، اور حکومت کرنے والے جماعت چھٹے نمبر پر ہے۔
صارف طارق حبیب نے لکھا کہ ’ماضی میں لاکھوں ووٹ لینے والی ایم کیو ایم نے بالآخر 1000 کا ہندسہ پار کر ہی لیا۔ نائن زیرو میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔‘

شفیق احمد نامی صارف نے لکھا ’انتہائی خوفناک بات یہ ہے کہ کراچی جیسے شہر میں کالعدم تحریک لبیک ڈٹ کر مقابلہ کررہی ہے۔‘

شیئر: