دو شہروں کی 5 مساجد میں کورونا کیسز، سینیٹائزنگ کےلیے بند
دو شہروں کی 5 مساجد میں کورونا کیسز، سینیٹائزنگ کےلیے بند
جمعرات 13 مئی 2021 17:40
کورونا سے حفاظت کےلیے صفوں کے درمیان سماجی فاصلہ رکھا جاتا ہے(فوٹو، سبق)
وزارت اسلامی امور نے مملکت کے 2 شہروں کی 5 مساجد میں کورونا کیسز کی تصدیق ہونے پر سینیٹائزنگ کے لیے عارضی طورپر بند کردیا ہے۔
ویب نیوز ’سبق‘ نے وزارت اسلامی امور کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ گزشتہ 96 دنوں میں مملکت کے مختلف علاقوں میں 1 ہزار 173 مساجد میں کورونا کیسز کی تصدیق ہونے پر انہیں عارضی طورپر بند کیا گیا بعدازاں ان مساجد کی مکمل طریقے سے سینیٹائزنگ کرکے 1 ہزار 136 مساجد کو دوبارہ کھول دیاگیا۔
جن دوشہروں کی پانچ مساجد کو عارضی طورپربند کیا گیا ان میں چار مساجد ریاض جبکہ ایک عسیر ریجن کی ہے۔ مذکورہ مساجد میں آنے والے بعض افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
عارضی طورپر بند کی جانے والی مساجد میں سینیٹائزنگ کے بعد انہیں دوبارہ کھول دیاجائے گا ۔ احتیاطی تدابیر کے حوالے سے وزارت اسلامی امور کی جانب سے لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کورونا سے بچاو کےلیے مقررہ ایس اوپیز کا خاص خیال رکھتے ہوئے دی گئی ہدایات پرعمل کیاجائے۔
وزارت اسلامی امور کی جانب سے لوگوں کو کہا گیا ہے کہ وہ مسجدآتے وقت اپنی جائے نماز ہمراہ لائیں اورصفوں کے درمیان سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھیں ماسک کے استعمال کویقینی بنائیں۔
وزارت کی ہدایت پرعمل کرتے ہوئے مساجد کی انتظامیہ کی جانب سے ایسے افراد کےلیے جن کے پاس جائے نماز نہیں ہوتی عارضی جائے نمازیں رکھی جاتی ہے جنہیں ایک بار استعمال کرکے ضایع کردیاجاتا ہے۔