کورونا وائرس، مزید 14 مساجد عارضی طور پر بند
سینیٹائزنگ کے بعد 23 مساجد بحال کی گئی ہیں۔(فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب میں وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے مملکت کے سات علاقوں میں 14 نمازیوں کے کورونا وائرس میں مبتلا پائے جانے پر مزید 14 مساجد عارضی طور پر بند کی ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 93 دنوں کے دوران مملکت بھر میں 1121 مساجد بند کی گئی ہیں جبکہ ان میں سے 1098 کو سینیٹائزنگ کے بعد بحال کردیا گیا۔
وزارت اسلامی امور نے بتایا کہ بند کی جانے والی مساجد میں سے تین کا تعلق عسیر، دو، دو کا ریاض، الشرقیہ، باحہ، جازان اور تبوک جبکہ ایک مسجد کا تعلق مدینہ منورہ ریجن سے ہے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ پیر کو سینیٹائزنگ کے بعد 23 مساجد بحال کی گئی ہیں۔ ان میں سے 6 کا تعلق عسیر ریجن، پانچ کا مدینہ منورہ ریجن، چار کا قصیم ریجن، تین کا ریاض ریجن، تین کا مکہ مکرمہ ریجن اور دو کا جازان ریجن سے ہے۔