Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کورونا پیار ہے‘ شلپا شیٹی کا شوہر کے لیے پیغام

شلپا شیٹی کے شوہر اور دونوں بچے کورونا میں مبتلا ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹی نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ایک تصویر پوسٹ کی ہے جس نے صارفین کو وبا کے دوران بھی محبت کے دنوں کی یادیں تازہ کروا دیں۔
ایک ہفتہ قبل شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد سے انہوں نے خود کو قرنطینہ کیا ہوا ہے۔
شلپا کی جانب سے پوسٹ کی گئی تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چہرے کو دو ماسکوں سے ڈھانپے شلپا شیٹی اپنے شوہر راج کندرا کے قریب کھڑے ان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالے دیکھ رہی ہیں۔
غور سے دیکھنے پر معلوم ہوتا ہے کہ دونوں کے درمیان ایک کھڑکی کا شیشہ ہے جس کے ساتھ لگ کر دونوں کھڑے ہیں اور مسکراہتی آنکھوں کے ساتھ ایک دوسرے کو دیکھ رہے ہیں۔
تصویر کے ساتھ شلپا نے 2000 کی ایک فلم کے گانے کے بول ’کہو نہ پیار ہے‘ میں دلچسپ رد و بدل کر کے لکھا ’کورونا پیار ہے۔‘
ساتھ ہی شلپا نے لکھا ’کورنا کے دنوں میں محبت، کورونا پیار ہے۔‘
شلپا نے بتایا کہ ان کے شوہر راج کندرا کی قرنطینہ میں مدت ختم ہونے کے قریب ہے۔ انہوں نے نیک خواہشات کے اظہار پر اپنے فینز کا بھی شکریہ ادا کیا۔
جبکہ ایک اور تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شلپا گھر میں رہتے ہوئے بھی احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کر رہی ہیں۔
شلپا کے شوہر کے علاوہ ان کے دونوں بچے بھی کورونا میں مبتلا ہیں، جبکہ راج کندرا کے والدین اور شلپا کی والدہ کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔
چند دن پہلے شلپا نے انسٹا گرام پوسٹ میں اپنے خاندان کے افراد کے کورونا میں مبتلا ہونے کے حوالے سے آگاہ کیا تھا۔ جبکہ شلپا شیٹی کا اپنا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔
شلپا شیٹی کے مطابق ان کے خاندان کے تمام افراد کورونا سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔

شیئر: