Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ سٹار کنگنا رناوت بھی کورونا کا شکار

کنگنا رناوت کا کہنا ہے کہ ’’آئیے اس کوویڈ-19 کو ختم کر دیں۔ یہ کچھ نہیں بس مختصر وقت کے لیے ایک فلو ہے‘ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کو اس وقت کورونا وائرس کی دوسری اور بدترین لہر کا سامنا ہے۔ ملک میں ہر روز کورونا کے لاکھوں نئے کیسز سامنے آرہے ہیں۔
اس دوران یہ خبر سامنے آئی ہے کہ بالی وڈ سٹار کنگنا رناوت بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئی ہیں۔ انہوں نے اپنے مداحوں کو اس بات کی اطلاع اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے سنیچر کو دی۔
اپنی مراقبے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کنگنا نے لکھا کہ ’گذشتہ چند روز سے میں آنکھوں میں ہلکی سی جلن کے ساتھ تھکاوٹ اور کمزور محسوس کر رہی تھی، میں امید کر رہی تھی کہ ہماچل چلی جاؤں گی تو کل ہی میں نے اپنا ٹیسٹ کروایا اور آج نتیجہ آیا کہ میں کووڈ پازیٹیو ہوں۔‘

 

’میں نے اپنے آپ کو آئسولیٹ کرلیا ہے ، مجھے اندازہ نہیں تھا کہ یہ وائرس میرے جسم میں پارٹی کر رہا ہے، اب جب میں جانتی ہوں تو میں اسے ختم کر دوں گی۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’لوگو براہ مہربانی آپ اپنے اوپر کسی طاقت کو حاوی نہ ہونے دیں، اگر آپ خوفزدہ ہوں گے تو یہ آپ کو مزید خوفزدہ کرے گا۔‘
’آئیے اس کوویڈ- 19 کو ختم کر دیں۔یہ کچھ نہیں بس مختصر وقت کے لیے ایک فلو ہے۔ اس کی وجہ سے بہت زیادہ دباؤ پڑ گیا ہے اور اب یہ کچھ لوگوں کو نفسیاتی مریض بنا رہا ہے۔ہر ہر مہادیو۔‘
یاد رہے کہ حال ہی میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر ٹوئٹر نے اداکارہ کا اکاؤنٹ معطل کر دیا ہے اور اب وہ انسٹاگرام کے ذریعے اپنے مداحوں کے ساتھ رابطے میں رہتی ہیں۔

کنگنا کہتی ہیں کہ اگر آپ خوفزدہ ہوں گے تو یہ وائرس آپ کو مزید خوفزدہ کرے گا‘ (فوٹو: اے ایف پی)

واضح رہے کہ چند روز قبل ہی بالی وڈ کی ایک اور سٹار دیپکا پاڈوکون کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا اور انہوں نے بھی خود کو گھر میں آئسولیٹ کر رکھا ہے۔
اس سے قبل بھی بالی وڈ کی کئی اہم شخصیات کورونا وائرس کا شکار ہوچکی ہیں جن میں مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان، کترینہ کیف، عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور شامل ہیں۔ 
ان کے علاوہ امتیابھ بچن، ابھیشک بچن، ایشوریہ رائے، اکشے کمار، فاطمہ ثنا شیخ، کارتک آریان سمیت دیگر کئی اداکار بھی کورونا کا شکار ہو چکے ہیں۔

شیئر: