Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی طلبہ اور طالبات کی سائنسی نمائش میں شرکت

سعودی عرب کے 30 با صلاحیت طلبہ کے تخلیقی خیالات پیش کیے گئے ہیں۔ ( فوٹو عرب نیوز)
ری جینرون انٹرنیشنل سائنس اینڈ انجینئرنگ فیئر (آئی ایس ای ایف) میں حصہ لینے والے سعودی عرب کے 30 انتہائی با صلاحیت طلبہ کے تخلیقی خیالات پیش کرنے کے لیے ایک سائنس اور انجینئرنگ نمائش کا آغاز کیا گیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کنگ عبدالعزیز فاؤنڈیشن برائے تخلیقی صلاحیت اور قابلیت (موھبہ) نے ان طلبہ کو تربیت دی ہے جو 80 ممالک کے طلبہ کے ساتھ مقابلہ کر رہے ہیں۔
ری جینرون انٹرنیشنل سائنس اینڈ انجینئرنگ فیئر (آئی ایس ای ایف 2021) امریکہ میں آن لائن منعقد کی جا رہی ہے۔ سائنس میلے میں دنیا بھر سے ایک ہزار 800 سے زیادہ طلبہ اپنے منصوبوں کی نمائش کر رہے ہیں۔

موھبہ کی جانب سے 20 ممالک کے97 طلبہ کو 79 انعامات دیے جا چکے ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)

خیال رہے کہ سعودی عرب جس کی نمائندگی موھبہ کرتا ہے، آئی ایس ای ایف2021 میں ایک اہم سپانسر کی حیثیت سے حصہ لے رہا ہے اور وہ توانائی کے میدان میں بہترین منصوبوں کے لیے ایک خصوصی ایوارڈ بھی پیش کرے گا۔
سعودی طلبہ مسلسل 15 برس سے بین الاقوامی سائنس میلے میں حصہ لے رہے ہیں۔ وہ اب تک مجموعی طور پر 48 گرینڈ پرائز اور 27 خصوصی انعامات جیت چکے ہیں۔
ان میں 2020 کے وہ آٹھ اعزازات شامل ہیں جن میں پانچ گرینڈ انعامات اور تین خصوصی انعامات تھے۔ موھبہ مقابلے میں خصوصی بین الاقوامی ایوارڈ بھی مہیا کرتی ہے۔
اب تک موھبہ کی جانب سے 20 ممالک کے97 طلبہ کو 79 انعامات دیے جا چکے ہیں۔
آئی ایس ای ایف دنیا کا سب سے بڑا پری کالج سائنس میلہ ہے۔ اس کا سب سے پہلا میلہ 1950 میں منعقد ہوا تھا۔

شیئر: