غزہ کی تعمیر نو کے لیے مصر کی 500 ملین ڈالر امداد
مصر کی سپیشلسٹ کمپنیاں تعمیر نو کے منصوبے نافذ کریں گی(فوٹو اے ایف پی)
مصر نے ایک ہفتے سے اسرائیلی بمباری سے متاثر غزہ سیکٹر کی تعمیر نو کے لیے 500 ملین ڈالر مدد کا اعلان کیا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق مصری ایوان صدارت کے ترجمان بسام راضی نے فیس بک پر بیان میں کہا کہ ’صدر عبدالفتاح السیسی نے حالیہ واقعات کے باعث غزہ پٹی میں تعمیر نو کے لیے مصر کی طرف سے 500 ملین ڈالرپیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘۔
بسام راضی نے بتایا کہ ’مصر کی سپیشلسٹ کمپنیاں غزہ پٹی کی تعمیر نو کے منصوبے نافذ کریں گی۔‘
مصر کی جانب سے تعاون کا یہ اعلان مصری وزیر صحت ھالہ زاید کی جانب سے اس اعلان کے چند گھنٹے بعد کیا گیا جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ مصر نے زخمیوں کے علاج کے لیے 65 ٹن طبی امداد بھیج دی ہے۔
ھالہ زاید نے بیان میں کہا تھا کہ 14 ملین پونڈ مالیت کی امداد غزہ پٹی بھیجی گئی ہے۔ آپریشن کے لوازمات، انٹرنل سیکشنز کو چلانے کے لیے درکار سامان، ایمرجنسی وارڈز، ایکسرے کے لوازمات، ٹوٹ پھوٹ کے علاج، چھوٹے بڑے آپریشنوں کے لیے آلات جراحت، مصنوعی تنفس کے آلات اورآکسیجن آلات شامل ہیں۔ مختلف قسم کی دوائیں بھی بھیجی گئی ہیں۔
مصر نے اس سے قبل غزہ پٹی کے لیے 26 ٹرکوں پر کھانے پینے کا سامان بھی بھیجا تھا جبکہ پچاس ایمبولینسیں فلسطینی زخمیوں کو کنٹرول لائن سے مصر لانے کے لیے چیک پوسٹ روانہ کی گئی ہیں۔