تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹس کے ’نیلے بیج کی درخواست دینا زیادہ آسان‘
تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹس کے ’نیلے بیج کی درخواست دینا زیادہ آسان‘
جمعہ 21 مئی 2021 7:01
ٹوئٹر پر تقریباً 3 لاکھ 60 ہزار اکاؤنٹس تصدیق شدہ ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر تصدیق شدہ اکاؤنٹس کے لیے قواعد و ضوابط میں ترامیم کرنے جا رہا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق تصدیق شدہ اکاؤنٹس کو ملنے والے نیلے بیج کا حصول زیادہ سے زیادہ صارفین کے لیے ممکن بنایا جا رہا ہے، تاہم مزید شفاف ہدایات وضع کی جائیں گی۔
ترامیم کے بعد ٹوئٹر صارفین کے لیے نیلے بیج کی درخواست دینا زیادہ آسان ہوگا۔ تاہم شرائط پوری نہ کرنے والے اور ٹوئٹر کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے صارفین کے اکاؤنٹس سے بیج ہٹا دیا جائے گا۔
نیلے بیج کے اہل صارفین کا تعلق حکومتی ادارے، کاروباری طبقے، میڈیا، تفریحی شعبے یا سپورٹس سے ہونا لازمی ہے۔ نامور شخصیات یا سماجی کارکن بھی نیلا بیج حاصل کرنے کے اہل ہیں۔
ٹوئٹر ممکنہ طور پر سائنسدانوں، مذہبی رہنماؤں اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کو بھی اس فہرست میں شامل کرے گا۔
ٹوئٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نیلے بیج کی وجہ سے اصلی اور نقلی اکاؤنٹس میں فرق واضح کرنے میں مدد ملتی ہے۔ ٹوئٹر کے اکاؤنٹس تصدیق کرنے کے طریقہ کار سے متعلق شکایات کے بعد تمام عمل تعطل کا شکار ہو گیا تھا۔
صارفین سے 33 ہزار کمینٹس موصول ہونے کے بعد ٹوئٹر نے مزید شفافیت لانے کی غرض سے طریقہ کار تبدیل کیا ہے۔
چھ ماہ تک غیر فعال رہنے والے اکاؤنٹس، غیر تصدیق شدہ ای میل ایڈریس یا فوٹو والے اکاؤنٹس کے علاوہ ٹوئٹر کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے اکاؤنٹس سے نیلا بیج ہٹا دیا جائے گا۔