روس کی سعودی عرب کےلیے پروازیں مگر شرائط کے ساتھ
پروازوں کی بحالی کا فیصلہ تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر کیا گیا ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)
روس نے سعودی عرب کے لیے منگل 25 مئی سے بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی عرب کے علاوہ آئس لینڈ، مالٹا، میکسیکو اور پرتگال کے لیے پروازیں شروع ہوجائیں گی۔
العربیہ نیٹ کے مطابق انسداد کورونا وائرس کے روسی مرکز نے کہا ہے کہ’ پروازوں کی اجازت ایسے ممالک کے لیے دی گئی ہے جہاں کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں۔ پروازوں کی بحالی کا فیصلہ تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر کیا گیا ہے‘۔
روسی مرکز کا کہنا ہے کہ’ منگل 25 مئی سے جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ماسکو کے لیے ہفتے میں تین پروازیں، گروزنی کے لیے ہفتے میں ایک اور مھج قلعہ کے لیے ہفتے میں ایک پرواز چلے گی‘۔
بیان میں کہا گیا کہ’ ریاض میں روسی سفارتخانے سے ویزا حاصل کیا جاسکتا ہے۔ ابھی مختصر مدتی ویزے جاری ہوں گے۔ مسافر مختصر مدتی ویزوں کےلیے ہی درخواستیں دیں‘۔
روس کے قومی مرکز نے مزید کہا’ کہ ویزا ہولڈرز مخصوص شہروں ہی کا سفر کرسکیں گے البتہ نئے سیاحتی ویزے 30 دن تک کے جاری ہوں گے‘۔
روس نے ابھی تک آرمینیا، آذربائیجان، بیلاروس، قازقستان، ویتنام، وینزویلا، یونان، المانیا، سنگاپور، سربیا، ایتھوپیا، قطر، کرغیزستان، جنوبی کوریا، مصر، امارات، تنزانیہ، سوئٹزرلینڈ، سری لنکا، ازبکستان، فن لینڈ ، جاپان، جزائر مالدیپ، کیوبا اور سیشلز کے لیے بین الاقوامی پروازیں بحال کی ہیں۔