السعودیہ 71 مقامی اور انٹرنیشنل ایئرپورٹس کے لیے پروازیں چلائے گی
السعودیہ 71 اندرون ملک اور انٹرنیشنل پروازیں چلانے کی تیاریاں مکمل کرچکی ہے۔(فوٹو العربیہ)
سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) نے کہا ہے کہ پیر17 مئی سے تمام ممالک کے لیے سفر کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
العربیہ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے السعودیہ کے رابطہ آفیسر انجینیئر عبداللہ الشہرانی نے کہا کہ السعودیہ 71 اندرون ملک اور انٹرنیشنل ایئر پورٹس کے لیے پروازیں چلانے کی تیاریاں مکمل کرچکی ہے۔
السعودیہ اپنے نیٹ ورک کے مطابق پروازیں چلائے گی۔ اس سے وہ ممالک مستثنی ہوں گے جو اپنے یہاں پروازوں پر پابندی لگائے ہوئے ہیں۔
الشہرانی نے مسافروں سے کہا کہ وہ کورونا وبا کے پیش نظر سفر سے قبل السعودیہ کی ویب سائٹ سعودیہ ڈاٹ کام وزٹ کرتے رہیں۔ اس پر اپ ڈیٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ ویب سائٹ پر سعودیہ کی پروازوں سے متعلق تازہ ترین معلومات سرکاری ذرائع سے پیش کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی پروازوں کے مسافروں کو وزارت صحت اور متعلقہ اداروں کے مقرر کردہ ضوابط اور پابندیوں کا لحاظ کرنا ہوگا۔ علاوہ ازیں اس ملک کی پابندیوں کا احترام بھی کرنا ہوگا جہاں وہ جارہے ہوں۔
السعودیہ کے رابطہ آفیسر نے بتایا کہ توکلنا ایپ میں مسافر کی پوزیشن دریافت کی جائے گی۔ صرف وہی لوگ سفر کرسکیں گے جن کی بابت توکلنا ایپ میں تحریر ہو کہ (کورونا وائرس کا شکار نہیں ہوا)، (کورونا وائرس سے متاثر ہوکر شفایاب ہوچکا ہے) یا (ویکسین یافتہ) تحریر ہو۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ کورونا ویکسین کی ایک خوراک لے چکے ہوں وہ سعودی عرب کے متعلقہ صحت حکام کی ہدایات کے مطابق سفر کرسکتے ہیں بشرطیکہ پہلی خوراک پر چودہ دن گزر چکے ہوں اور یہ بات توکلنا ایپ کے ریکارڈ میں آگئی ہو۔
الشہرانی نے بتایا کہ 71 ایورپورٹس کے لیے السعودیہ کے طیارے سینیٹائزنگ کی کارروائی کراچکے ہیں۔ بالائے بنفشی شعاعوں کے ذریعے یو وی سی آلے سے طیاروں کو سینیٹائز کیا گیا ہے۔ یہ آلہ ہسپتالوں میں آپریشن رومز کو سینیٹائز کرنے کےلیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ السعودیہ اسے اپنے طیاروں کو سینیٹائز کرنے کے لیے استعمال کررہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ السعودیہ 28 لوکل اور 43 انٹرنیشنل ایئر پورٹس کے لیے پروازیں چلائے گی۔ 95 میں سے 71 ایئر پورٹس کے لیے السعودیہ کی پروازیں مہیا ہوں گی۔
منسوخ ریزرویشن اور ریفنڈ پالیسی؟
السعودیہ کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ مسافروں کو مقررہ وقت پر سفر کا پروگرام منسوخ کرنے کی صورت میں ریزرویشن کینسل کرانا ہوگا اور ٹکٹ کے حوالے سے فوری کارروائی کرانا ہوگی۔ ریزرویشن منسوخ کرانے والے نیا ریزرویشن بھی کراسکتے ہیں اور ٹکٹ واپس بھی کرسکتے ہیں۔
الشہرانی سے 18 برس سے کم عمر کے سعودی شہریوں کے سفر کے حوالے سے سوال پر بتایا کہا کہ اٹھارہ برس سے کم عمر کے سعودیوں کو سفر سے قبل ساما کے یہاں رجسٹرڈ میڈیکل انشورنس سپیشل سکیم حاصل کرنا ہوگی۔
مملکت واپسی پر انہیں سات روز تک ہاوس آئسولیشن میں رہنا ہوگا اور سات دن مکمل کرنے پر کورو نا ٹیسٹ کرانا ہوگا اس پابندی سے 8 برس سے کم عمر کے بچے مستثنی ہوں گے۔