Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی طالبہ روبی خالد رجب کےلیے عالمی اعزاز

ایریزونا یونیورسٹی سعودی طالبہ کو سکالر شپ جاری کرے گی۔ (فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب ریاض کی طالبہ روبی خالد عبدالعزیز رجب نے امریکہ کی ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی کا عالمی ایوارڈ اپنے نام کیا ہے۔
امریکہ کی ایریزونا یونیورسٹی سعودی طالبہ کوخصوصی سکالر شپ جاری کرے گی۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق کنگ عبدالعزیز فاؤنڈیشن (موھبۃ) نے سعودی طالبہ روبی خالد رجب کو ’آیسف 2021‘ ایوارڈ جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔
یہ ایوارڈ ایریزونا یونیورسٹی سے میڈیکل انجینیئرنگ کے شعبے میں دیا جاتا ہے۔ سعودی طالبہ جدید طرز کے دستانے کے ذریعے موسیقی اور کم سننے کے شکار افراد کے ساتھ  رابطہ نظام کو بہتر بنانے والے پروجیکٹ پر کام کرے گی۔
روبی خالد عبدالعزیز رجب کا کہنا ہے کہ اس نے جدید طرز کا ایسا دستانہ ڈیزائن کیا ہے جو ضعف سماعت کے شکار لوگوں کو موسیقی کا احساس دیتا ہے۔ اس کی بدولت ایسے افراد اور عام لوگوں کے درمیان رابطہ آسان ہوجاتا ہے۔
سعودی طالبہ نے مزید کہا کہ اس کے ذہن میں جدید طرز کا حساس دستانہ تیار کرنے کا خیال اپنی دوست کی مدد کی وجہ سے آیا۔ اس کی دوست ضعف سماعت کا شکار ہے۔ اس کی مدد کے لیے یہ دستانہ تیار کیا تاکہ وہ زندگی بھر اس سے فائدہ اٹھاتی رہے۔
روبی رجب نے کہا کہ وزیر توانائی اور کنگ فہد پٹرولیم اینڈ منرل یونیورسٹی (کے ایف یو پی ایم) کے سربراہ شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے میری حوصلہ افزائی کی۔ ان سے بے حد اچھی ملاقات رہی۔ امید ہے کہ مستقبل میں بھی ہم ایسے پروجیکٹ تیار کرنے میں کامیاب ہوسکیں گے۔ 
یاد رہے کہ  کنگ عبدالعزیز فاؤنڈیشن (موھبۃ) کے نمائندہ گروپ نے آیسف 2021 میں 8 عالمی ایوارڈ جیتے ہیں اور یہ ریکارڈ قائم کرکے کئی ترقی یافتہ صنعتی ملکوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ 
ایوارڈ جیتنے والوں میں منصور المرزوقی، رشاالقحطانی، لانا ابو جامل،  عبداللہ الشنقیطی، اروی نیازی شامل ہیں جبکہ روبی رجب کے علاوہ منصور المزروقی اور لما القحطانی نے بھی ایوارڈ حاصل کیے۔

شیئر: