Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج کےحوالے سے بیان پر سعودی سفارتخانے کی وضاحت: ’ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا‘

پاکستان میں سعودی سفارت خانے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حج کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
اتوار کو پاکستان میں سعودی سفارت خانے کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ ’حج کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔اس حوالے سے جو کچھ کہا جا رہا ہے وہ تجاویز ہیں جو کہ ابھی تک زیر غور ہیں۔‘
بیان کے مطابق وزیر اعظم پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ اور مذہبی ہم آہنگی طاہر اشرفی کا حج سے متعلق بیان درست نہیں ہے۔
دریں اثنا پاکستان کے وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے حج کے بارے میں اپنے ہی ایک بیان پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’میری سعودی وزیر حج و عمرہ سے بات ہوگئی ہے۔ جو خبر زیر گردش ہے وہ سعودی وزارت صحت کی سفارشات ہیں، اور اس پر ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’حجاج کی تعداد کیا ہوگی، اس کے ایس اوپیز کیا ہوں گے وہ بعد میں دیکھا جائے گا۔ ابھی تک حتمی طور پر اس پر فیصلہ نہیں ہوا۔‘
 

وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ ’یہ میری ذمہ داری بنتی ہے کہ تمام لوگوں کو یہ حقیقت بتا سکوں۔ وہ جو کوئی بھی فیصلہ کریں گے، ہمیں اعتماد میں لیں گے۔ انہوں نے ابھی حجاج کی تعداد اور ایس او پیز کے حوالے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔‘
اس سے پہلے اتوار کو ہی وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے ایک بیان میں کہا تھا کہ سعودی حکومت نے کرونا احتیاطی تدابیر کے تحت حج 2021 کیلئے 60 ہزار عازمین حج کی تعداد مقرر کر دی ہے۔
دوسری جانب اتوار کی شام کو وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ و مذہبی ہم آہنگی  طاہر اشرفی نے ایک بیان میں کہا ہے كه حجاج كى تعداد كا فيصله سعودى وزارت حج كرے گى جب کہ پاكستان سے متعلق اعلان وزارت مذہبى امور كرے گا۔
 

شیئر: