سفری پابندیوں کے خاتمے پر بحرین پہنچنے والے سعودیوں کی غیرمعمولی پذیرائی
سفری پابندیوں کے خاتمے پر بحرین پہنچنے والے سعودیوں کی غیرمعمولی پذیرائی
منگل 18 مئی 2021 5:28
بحرین کا سفر وہی لوگ کرسکتے ہیں جو کورونا کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں۔ (فوٹو العربیہ)
سعودی عرب سے سفری پابندیوں کے خاتمے کے بعد سعودی شہریوں کی بڑی تعداد بحرین پہنچی ہے۔ بحرین پہنچنے پر سعودی سیاحوں کا استقبال تحائف اور میوزک پروگرام کے ذریعے کیا گیا ہے۔
بحرینی محکمہ سیاحت نے بحرین کی سڑکوں کو دونوں ملکوں کے پرچموں سے سجایا ہے۔ جگہ جگہ خیر مقدمی بینرز لگائے گئے ہیں۔
الاخباریہ چینل کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ بحرینی سرکاری عہدیدار اور عوام دونوں کی جانب سے سعودی سیاحوں کی غیرمعمولی پذیرائی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
یاد رہے کہ وہی لوگ سعودی عرب سے بحرین جاسکتے ہیں جو کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں یا کورونا وائرس سے متاثر ہوکر صحت یاب چکے ہوں۔
18 برس سے کم عمر کے لڑکوں اور لڑکیوں کے سفر پر پابندی ہے۔ بحرینی حکام نے سعودی سیاحوں کو اطمینان دلایا ہے کہ یہاں ریستورانوں، سینما گھروں اور سیاحتی مقامات پر کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے والے تمام انتظامات ہیں جبکہ بحرینی وزارت صحت، وزارت داخلہ اور محکمہ سیاحت حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد کی نگرانی کر رہے ہیں۔
دریں اثنا سعودی عرب اور بحرین کو جوڑنے والے کنگ فہد پل پر تعینات محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر ضویحی السھلی نے کہا ہے کہ جو سعودی شہری سفری ضوابط پر پورے نہیں اتر رہے تھے انہیں مقررہ نظام کے مطابق سفر سے روک کر واپس کر دیا گیا۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو میں السھلی نے کہا کہ کنگ فہد پل کے راستے سفر کے قواعدوضوابط وزارت داخلہ نے بھیج دیے تھے۔ امیگریشن افسران کو نئی ہدایات سے آگاہ کر دیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ مقامی شہریوں نے مقررہ شرائط و ضوابط سے اتفاق کیا اور ان شہریوں میں جو شرائط پوری نہیں کر پا رہے تھے، انہیں سفر سے روک دیا گیا۔
محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ سفری شرائط پوری کرنے والے شہریوں کی امیگریشن کارروائی تیزی سے نمٹائی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں کنگ فہد پل پر دس ٹریک کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اب ان کی تعداد 27 ہوچکی ہے۔ یہ تمام 24 گھنٹے کھلے ہیں۔ جتنی تعداد میں بھی لوگ پہنچیں گے اور سفری شرائط مکمل کریں گے ان کی کارروائی تیزی سے نمٹا دی جائے گی۔
یاد رہے کہ سعودی وزارت داخلہ نے پابندی لگائی ہے کہ بحرین کا سفر وہی لوگ کرسکتے ہیں جو کورونا کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں۔ 18 برس سے کم عمر کے لڑکوں لڑکیوں کو سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔
وزارت داخلہ کے نئے ضوابط پر عمل درآمد کے بعد سے کنگ فہد پل سے بحرین جانے والوں کی تعداد کم ہوگئی ہے جبکہ گزشتہ رات ایک بجے سے سفر پر عمل درآمد شروع ہوتے ہی بڑی تعداد میں مسافر کنگ فہد پل پہنچ گئے تھے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں