سعودی عرب میں بلیک فنگس کا کوئی مریض ریکارڈ پر نہیں: وزارت صحت
بلیک فنگس لگنے کا کورونا وائرس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ (فوٹو سبق)
سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ’ مملکت میں بلیک فنگس کا کوئی مریض ریکارڈ پر نہیں آیا۔ بلیک فنگس لگنے کا کورونا وائرس سے کوئی تعلق نہیں ہے‘۔
الاخباریہ اور سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے اتوار کو پریس کانفرنس میں انہوں نے’ اس بات کی بھی تردید کی کہ بلیک فنگس کورونا کی کوئی قسم ہے یا اس کا اس سے کوئی تعلق ہے‘۔
یاد رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا تھا کہ گیارہ مئی سے اب تک چار مزید ممالک کی جانب سے کورونا وائرس کی انڈین قسم کی اطلاع دی گئی ہے۔ دنیا بھر میں 44 ممالک اپنے ہاں اس نوعیت کے کرونا وائرس کی موجودگی کے بار میں آگاہ کر چکے ہیں۔
العربیہ کے مطابق بیان میں ادارے کا کہنا ہے کہ خطے کے ممالک میں کرونا کی اس قسم کے پھیلاؤ کا امکان بڑھ گیا ہے۔ اس کی وجہ خلیجی ممالک اور انڈیا کے درمیان جغرافیائی قربت ہے۔
دریں اثنا عالمی ادارہ صحت کے ریجنل ڈائریکٹر برائے مشرق وسطی ڈاکٹراحمد المنظری نے کہا ہے کہ سعودی عرب کورونا وائرس کو قابو کرنے کے لیے وبا کے آغاز سے اب تک ہرممکن جدوجہد کررہا ہے۔
ڈاکٹر المنظری کا کہنا ہے کہ سعودی عرب وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے ہر سطح پرتامم وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔ کورونا ٹیسٹ اور متاثرین سے ملنے جلنے والوں کی مانیٹرنگ کا دائرہ بھی وسیع کیے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہترین صحت نگہداشت فراہم کیا جا رہا ہے اور وبا سے متاثرین کے علاج کے پروٹوکولز کو اپ ڈیٹ کرتا رہتا ہے۔