وہ آٹھ ممالک جہاں سعودی محفوظ سفر کرسکتے ہیں
امارات جانے والے سعودیوں کو قرنطینہ سے استثنی حاصل ہے (فوٹو سیدتی)
سعودی عرب کے متعلقہ حکام نے ان ممالک کی فہرست جاری کی ہے جہاں جانے کے لیے سعودی شہریوں کو ویزا حاصل کرنا ضروری ہے اور نہ وہاں پہنچنے پر انہیں قرنطینہ میں رہنا پڑے گا۔
اخبار 24 کے مطابق آٹھ ممالک ایسے ہیں جہاں سعودی شہریوں کو ضروری صحت سہولتیں دی گئی ہیں اور جہاں وہ پیشگی ویزے کے بغیر پہنچ سکتے ہیں۔ ان میں سے ایک متحدہ عرب امارات ہے۔
امارات جانے والے سعودیوں کو ہوٹل قرنطینہ سے استثنی حاصل ہے تاہم انہیں پی سی آر کی رپورٹ پیش کرنا ہوگی اور امارات پہنچنے کے وقت سے 72 گھنٹے کے اندر پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔
دوسرا ملک قطر ہے جہاں کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے والے سعودیوں کے لیے ہوٹل قرنطینہ کی پابندی نہیں ہے البتہ یہ پابندی کرنا ہوگی کہ قطر پہنچنے سے 14 دن پہلے کورونا ویکسین حاصل کر لی گئی ہو۔
بحرین جانے کے لیے بھی ویکسین کی دونوں خوراکیں ضروری ہیں۔ مالدیپ کے لیے ضروری ہے کہ پی سی آر ٹیس کرالیں یا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں۔ ایک برس سے زیادہ عمر کے بچے پی سی آر سے مستثنی ہوں گے۔
سعودی شہری جزائر سیشل جا سکتے ہیں۔ انہیں 72 گھنٹے کے اندر کورونا ٹیسٹ رپورٹ دینا ہوگی۔ جارجیا جانے کے لیے ضروری ہے کہ ویکسین لگ چکی ہو۔
جنوبی افریقہ بھی جاسکتے ہیں۔ پی سی آر رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔ یوکرین کے سفر کے لیے کورونا ہیلتھ انشورنس اور پی سی آر سرٹیفکیٹ ضروری ہے۔