ریاض میں عالمی سیاحتی تنظیم کے پہلے علاقائی دفتر کا افتتاح
ریاض میں عالمی سیاحتی تنظیم کے پہلے علاقائی دفتر کا افتتاح
جمعرات 27 مئی 2021 12:03
نیا دفتر مشرق وسطی کے 13ممالک میں پالیسیوں اوراقدامات کو مربوط کرے گا۔ (فوٹو عرب نیوز)
اقوام متحدہ کے زیرانتظام عالمی سیاحتی تنظیم (یو این ڈبلیو ٹی او) نے بدھ کے روز ریاض میں اپنا پہلا علاقائی دفتر کھول لیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ نیا دفتر مشرق وسطی کے 13ممالک میں پالیسیوں اور اقدامات کو مربوط کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے زیرانتظام عالمی سیاحتی تنظیم کے مرکز کے طور پر کام کرے گا۔
یہ دفتر سیاحتی علاقوں کو فروغ دینے، پائیدار ترقی اور سیاحت کے شعبے کے لیے اہم اعداد و شمار جمع کرنے میں بھی معاونت کرے گا۔
سیاحتی مرکز کی افتتاحی تقریب میں اقوام متحدہ کی سیاحتی تنظیم کے سیکریٹری جنرل زوراب پولولیکاشویلی سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب اور خطے کے دیگر ممالک کے سیاحتی وزیروں کے علاوہ سیاحت سے منسلک مختلف شعبوں کے ذمہ داروں نے بھی شرکت کی۔
اس تقریب کے موقع پر سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا کہ عالمی سیاحت کی تنظیم کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا دفتر ہونے کے طور پر یہاں سے علاقائی تعاون کے لیے رہنمائی کی جائے گی۔
احمد الخطیب نے مزید کہا کہ ہم سعودی عرب میں سیاحتی شعبے کی میزبانی کرنے پر خوشی محسوس کرتے ہیں۔
بین الاقوامی ٹورازم اکیڈمی کا قیام اس نئے دفتر کی زیرنگرانی پہلا قدم ہو گا۔ (فوٹو عرب نیوز)
اس موقع پرسیاحتی تنظیم کے سیکریٹری جنرل پولولیکاشویلی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس علاقے میں پہلے دفتر کا افتتاح ایک اہم موقع ہے۔
علاقائی تعاون کے ذریعے یہاں سےعالمی سیاحت کو مربوط کرنے کے لیے نئی سمت کی نمائندگی کی جائے گی۔
سیاحتی علاقوں کے فروغ اور اعداد و شمار جمع کرنے میں معاونت کی جائے گی۔ (فوٹو ٹوئٹر)
سیاحتی تنظیم کے سیکریٹری جنرل پولولیکاشویلی نے مزید کہا کہ اس نئےاقدام سے یہ احساس ہوا ہے کہ علاقائی سطح پر مطابقت مشرق وسطی میں سیاحت کی صلاحیتوں کو ابھارنے، اس شعبے اور اس سے منسلک افراد کے لیے معاشرتی، معاشی اور ماحولیاتی لچک پیدا کرنے کی کلید ہے۔
بین الاقوامی ٹورازم اکیڈمی کا قیام اس نئے دفتر کی زیرنگرانی پہلا قدم ہو گا۔ جس کے تحت نئی نسل کو سیاحت سے متعلق مختلف شعبوں کے بارے میں رہنمائی کی جائے گی۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں