سیاحتی کمیشن نے 17 تفریحی و سیاحتی مقامات منتخب کیے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
سیاحتی کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ مملکت میں موسم سرما کا آغاز ہو چکا ہے جو مارچ 2021 کے اختتام تک جاری رہے گا۔
سیاحتی کمیشن کی جانب سے مملکت کے مختلف تفریحی و سیاحتی مقامات کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ سعودی عرب میں 17 تاریخی و دیگر تفریحی مقامات ہیں جومقامی اور غیرملکی سیاحوں کی دلچسپی کا باعث ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی’ایس پی اے‘ نے سیاحتی کمیشن کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ مملکت کے نجی سیکٹر میں دو سوسے زائد سیاحتی ایجنسیاں ہیں جو مملکت کے ان سیاحتی و تفریحی مقامات کے لیے پرکشش پیکیجز جاری کر رہی ہیں۔
سیاحتی کمیشن نے ’سردی آپ کے اطراف میں‘ کے عنوان سے پروگرام کا آغاز کیا ہے جس کے تحت 300 سے زائد تفریحی پیکیجز متعارف کروائے گئے ہیں ۔
مملکت میں 17 ایسے مقامات ہیں جو سیاحت کے شوقین افراد کے لیے دلچسپی کا باعث ہو سکتے ہیں۔
سیاحتی کمیشن نے ان مقامات کو مختلف زمروں میں تقسیم کیا ہے جن میں تاریخی مقامات کےلیے العلا ، الدرعیہ اور الاحسا کو منتخب کیا ہے جبکہ سمندری تفریح کے لیے ینبع ، املج ، جازان۔
بڑے شہروں میں آنے والوں کے لیے ریاض، جدہ، دمام اور الخبر، سرد مقامات کے شوقین افراد کے لیے تبوک، الجوف اور حائل جبکہ پہاڑی تفریح گاہوں کے لیے طائف، الباحہ اور عسیر کو منتخب کیا گیا ہے۔
سیاحتی سیزن کے حوالے سے وزیر سیاحت اور سیاحتی کمیشن کے چیئرمین احمدعقیم الخطیب نے کہا ’سعودی عرب میں ایسے مقامات ہیں جو دنیا میں کہیں نہیں پائے جاتے جبکہ ان دنوں یہاں کے خوبصورت موسم سے لطف اندوزہونے کے لیے ’صحرائی تفریح‘ بے مثال ہے۔
حد نگاہ تک پھیلے ہوئے صحرا، ریتلے پہاڑ اور لق دودق میدان دنیا میں کہیں نہیں پائے جاتے‘
وزیر سیاحت نے مزید کہا کہ ’کورونا وائرس کے حوالے سے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے جس کے تحت تمام سیاحتی مقامات پرمقررہ ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ آنے والے سیاح مکمل اطمینان سے تفریح کرسکیں‘۔